گوادر کی ترقی کوکرپٹ عناصر کی نذر نہیں ہونے دینگے‘ چیئرمین نیب

367

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کہا ہے کہ گوادر کی معاشی ترقی کوکرپٹ عناصر کے ذاتی فوائد کی نذر نہیں ہونے دیں گے‘ جسٹس (ر) جاوید اقبال نے سیکڑوں صنعتی اور کمرشل پلاٹس کی غیر قانونی تقسیم کا نوٹس لے لیا۔ نیب نے انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دفتر پر چھاپا مار کر اہم ریکارڈ حاصل کرلیا گیا۔ ترجمان نیب کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ کرپٹ افسران نے دیگر ملازمین کی ملی بھگت سے گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قواعد و ضوابط اور حقیقی سرمایہ داروں کو نظر انداز کرتے ہوئے کمرشل اور صنعتی پلاٹس اپنے عزیز و اقارب اور منظور نظر افراد میں بانٹ دیے‘ پلاٹس کی فائلیں فروخت کی گئیں جس سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا۔ چیئرمین نیب جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ کرپشن کے ذریعے گوادر کی معاشی ترقی کو داؤ پر لگانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا‘ کیس میں ملوث کرپٹ افسران اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔