بلوچستان کے راستے غیرقانونی طور پر بیرون ممالک جانیوالوں کی تعداد میں کمی ہوئی

481

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)بلوچستان کے راستے غیر قانونی طور پر ایران، ترکی اور یورپی ممالک جانے والوں کی تعداد میں کمی رپورٹ ہوئی ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق رواں سال قانونی دستاویزات کے بغیر ایران اور یورپی ممالک جانے کی کوشش کے دوران 1620افراد کو گرفتار کیا گیا۔ دو ہزار سترہ میں ایران نے غیرقانونی طور پر اپنی حدود میں داخل ہونیوالے اکیس ہزار پاکستانیوں کو گرفتار کرکے ڈی پورٹ کیا۔ جبکہ گزشتہ سال 29ہزارافراد کو ڈیپورٹ کیاگیا تھا۔ اس طرح ایران سے ڈی پورٹ ہونیوالوں کی تعداد میں سالانہ 26 فیصد تک کمی آئی ہے۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق رواں سال ایک لاکھ 66ہزار 922افراد نے قانونی طریقے سے بلوچستان کے راستے ایران اور دیگر ممالک کا سفر کیا۔ اس تعداد میں گزشتہ سال کی نسبت 6 فیصد اضافہ ہوا۔ اس سال نومبر میں غیر قانونی طور پر ایران اور یورپی ممالک جانے کی کوشش کے دوران پنجاب سے تعلق رکھنے والے 20افراد کالعدم تنظیم کے ہاتھوں قتل ہوئے۔ جس کے بعد انسانی اسمگلروں کے خلاف کارروائیاں تیز کی گئیں اور کوئٹہ سمیت ملک بھر سے درجنوں انسانی اسمگلروں کو گرفتار کیا گیا۔