بار اور بنچ میں ڈیڈلاک‘ چیف جسٹس ثاقب نثار ملتان کا دورہ کر ینگے

265

لاہور (اے پی پی/ نمائندہ جسارت) چیف جسٹس آف پاکستان نے ملتان جوڈیشل کمپلیکس کی منتقلی پر بار اور بنچ کا ڈیڈ لاک ختم کرنے کے لیے ملتان کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ملتان کی ماتحت عدالتوں کی نئے جوڈیشل کمپلیکس میں منتقلی پر جاری ڈیڈ لاک ختم کرانے کے لیے سپریم کورٹ بار کے سابق صدر حامد خان ایڈووکیٹ کی سربراہی میں وکلا کے وفد نے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار سے ملاقات کی۔ حامد خان نے چیف جسٹس سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملتان کی عدالتیں نئے جوڈیشل کمپلیکس میں منتقل کرنے سے وکلا کو انتہائی مشکلات کا سامنا ہے اور مطالبہ کیا گیا کہ ملتان کی ماتحت عدالتیں پرانی بلڈنگ میں منتقل کی جائیں جس پر چیف جسٹس آف پاکستان نے وکلا کے وفد کو تمام مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خود ملتان جوڈیشل کمپلیکس کا دورہ کریں گے اور ملتان جوڈیشل کمپلیکس میں وکلا کو فراہم کی گئی سہولیات کا جائزہ لیں گے اور اگر وکلا کو ملتان جوڈیشل کمپلیکس میں سہولیات میسر نہ ہوئیں تو کچہری کو واپس پرانی عمارت میں منتقل کردیا جائے گا۔ علاوہ ازیں چیف جسٹس ثاقب نثار نے منگل کو میواسپتال لاہور کا دورہ کیا جہاں ایم ایس میو اسپتال ڈاکٹر طاہر خلیل نے چیف جسٹس آف پاکستان کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور اسپتال میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا اور ایم ایس کو ہدایت کی کہ مریضوں اور ان کے لواحقین کو صاف پانی ملنا چاہیے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ