فرقہ واریت کے خاتمے کے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں، ڈاکٹر عبدالغفور

26

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان یونائیٹڈ کونسل کے چیئرمین اور ناظم ذیلی تنظیمات مرکزی جمعیت اہل حدیث ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا ہے کہ فرقہ واریت کے خاتمے کے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں۔ حکومت اور مسلکی ہم آہنگی کی تنظیموں کے دعوے اپنی جگہ فرقہ واریت کا ناسور تشویشناک حدتک بڑھتا جارہا ہے۔ جس کی حالت یہ ہے کہ مرض بڑھتا گیا جو ں جوں دوا کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر تمام اداروں بشمول حکومت، فوج، دانشور طبقہ، علما، صحافی اور قومی درد رکھنے والے اعوم نے ایک پیج پر اکٹھے ہو کر فرقہ واریت کا کوئی حل نہ نکالا تو یہ ناسور کی طرح بڑھتا جلا جائے گا۔ جس سے معاشرے میں اشتعال انگیزی، نفرت، عدم برداشت اور ہیجان بڑھنے کا شدید خدشہ ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو متوجہ کیا کہ حالیہ دنوں میں مذہبی تشدد کے واقعات، رجحان اور طرز عمل نے دنیا کے سامنے پاکستان کا صاف شفاف چہرہ پیش نہیں کیا۔ اس سے ہمیں عالمی سطح پر بہت نقصان ہوا ہے۔ ہماری پالیسیوں میں سقم موجود ہے جس کے باعث مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوسکے۔ فوج اور پارلیمنٹ کو فرقہ واریت کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ