ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی امن کو خطرے میں ڈال دیا، مجاہد چنا

38

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے،یہ امریکی صدرکا اسلام ومسلمانوں کے خلاف جارحانہ عزائم کا کھلا اظہار ہے۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی اپیل پرکل جمعہ کوملک بھر کی طرح سندھ میں بھی مسلمانوں کے قبلہ اول کی حفاظت کے عزم اوریہود ونصاریٰ کے کٹھ جوڑ کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد کی تکمیل، سالمیت پاکستان، ملک وقوم کی قسمت تبدیل کرنے اورایک مخلص ودیانتدارقیادت فراہم کرنے کے لیے متحدہ مجلس عمل کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ دینی جماعتوں کا اتحاد امت کی امیدوں کا مرکز اورعوامی مسائل کے حل کے ساتھ ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے کے لیے بھی اہم پیش رفت ہوگا۔ دورہ جیکب آباد کے موقع پر ڈسٹرکٹ پریس کلب میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے مجاہد چنا کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی سمیت تمام دینی جماعتوں کی دلی خواہش ہے کہ ملک کی نظریاتی وجغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے دینی ووٹرکو متحدرکھا جائے۔اب تمام دینی جماعتوں کی ذمے داری ہے کہ اتحاد میں دراڑیں ڈالنے کی تمام ترسازشوں کو ناکام بنائیں اوراپنے تمام تراختلافات سے بالاتر ہوکرامت کے مفاد کی خاطر مشترکات پرمتحد ہوجائیں۔ انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت کی کارکردگی مایوس کن ہے کوئی بھی منصوبہ وقت پرشروع اوربروقت پورا نہیں ہوتا، ہرمعاملے میں عدالتی مداخلت کے بعد ہی حکومت ایکشن میں آتی ہے۔ گزشتہ دس سالہ اقتدار میں ہونے کے باوجود پیپلزپارٹی سندھ کے عوام کو پینے کا صاف پانی بھی فراہم نہیں کرسکی ہے۔ بیڈ گورننس کے حوالے سے عدالتی ریمارکس سندھ کے حکمرانوں کے لیے لمحہ فکر ہے۔ مخلص ودیانتدار قیادت ہی مہنگائی، بے روزگاری سے نجات اور پینے کے صاف پانی سمیت سندھ کے عوام کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ سندھ کے غیور عوام صرف ثقافت کے دن ہی نہیں بلکہ آئندہ انتخابات کے دن بھی سندھ سے محبت اور عملی شعور کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرپٹ قیادت کو مسترد اور قابل و دیانتدار لوگوں کو منتخب کریں جو ان کے مسائل حل کرنے کے ساتھ سندھ کو خوشحال بنائیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ