ٹرمپ کے فیصلے کیخلاف اسلام آباد چیمبر میں قرار داد مذمت منظور

37

اسلام آباد ( کامرس ڈیسک) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ نئی مردم شماری کے مطابق پاکستان کا حج کوٹہ بڑھانے کے لیے سعودی حکام کے ساتھ بات چیت جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال پاکستان کا حج کوٹہ 189210اور اگر نئی مردم شماری کے مطابق کوٹہ دیا گیا تو امید ہے 27ہزار مزید حاجیوں کو حج کی سعادت حاصل ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حاجیوں کے لیے حرم شریف کے نزدیک گروپ کی شکل میں مکتب حاصل کرنے کے لیے بھی بات چیت جاری ہے تا کہ ہمارے حاجی حضرات کو نزدیک ہی رہائش کی سہولت دستیاب ہو سکے۔ انہوں نے امریکا کے صدر ٹرمپ کی طرف سے القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے اور امریکا کا سفارتخانہ وہاں منتقل کرنے کے اعلان کی پرزور الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ ٹرمپ کے اس اقدام سے پوری مسلم امہ سمیت سب کے جذبات مجروح ہوئے ہیں اور اس سے دنیا کے امن کو شدید دھچکا لگے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سردار محمد یوسف نے کہا کہ 2018ء کی حج پالیسی پر کام جاری ہے اور اس سلسلے میں تاجر برادری کی سفارشات پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔ عمرہ زائرین کے لیے بائیومیٹرک تصدیق کی شرط کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی سفارتخانے سے کہا گیا کہ وہ جو کمپنی بائیو میٹرک تصدیق کرے گی وہ پاکستان میں ضلعی سطح پر اپنے مراکز قائم کرے تا کہ لوگوں کو اپنے علاقے میں ہی یہ سہولت حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان میں عمرہ زائرین کی بائیو میٹرک تصدیق ہو جائے تو پھر ائرپورٹ پر اس کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے تا کہ عمرہ زائرین کا وقت ضائع نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت، بنگلا دیش اور دیگر ممالک کو بائیومیٹرک تصدیق سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ تو پھر پاکستان کو بھی اس سے مستثنیٰ قرار دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حج و عمرہ پر جانے والوں کے لیے حکومت سہولیات کو مزید بہتر کرے گی اور یقین دہانی کرائی کہ چیمبر کا اگر وفد حج پر جانا چاہے تو ان کی وزارت ہر ممکن تعاون کرے گی۔ اپنے استقبالیہ خطاب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ موجودہ حکومت نے حاجیوں کے لیے رہائش، کھانے پینے اور ٹرانسپورٹ سمیت دیگر سہولیات کو کافی بہتر کر لیا ہے جو قابل ستائش ہے۔ انہوں نے ٹرمپ کے اعلان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم امہ متحد ہو کر اس فیصلے کے خلاف مہم چلائے تا کہ امریکا اور اسرائیل کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جا سکے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید، نائب صدر نثار مرزا، میاں اکرم فرید، اعجاز عباسی، خالد چوہدری، ملک اختر، اشفاق چھٹہ، عباس ہاشمی، ندیم منصور، محترمہ ناصرہ علی، دلدار عباسی، صلاح الدین اعوان، چوہدری عرفان، عزت بخش، راجہ عبدالمجید، حضورالسلام اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور تاجر برادری کی طرف سے ٹرمپ کے اعلان کی پرزور مذمت کرنے کے لیے ایک متفقہ قرارداد منظور کی گئی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ