کراچی سمیت 7 ریلوے اسٹیشنوں کی حالت بہتر بنانے کا منصوبہ

129

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کراچی کینٹ، روہڑی، حیدرآباد، لاہور اور فیصل آباد سمیت ملک کے 7 مصروف ریلوے اسٹیشنوں کی حالت بہتر بنانے اور مسافروں کو جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے 2 سالہ منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کر دی، جو اگلے بجٹ کا حصہ
ہوگا، وزیر ریلوے کی ہدایت پر متعلقہ حکام بلوچستان اور خیبرپختونخوا سے بھی 2 ریلوے اسٹیشن اپ گریڈیشن کے اس منصوبے کا لازمی حصہ بنائیں گے۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہور میں متعدد اہم اجلاسوں کی صدارت کی، اجلاس میں ایڈیشنل جنرل منیجر انفرا اسٹرکچر انصرباللہ خان، ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک عبدالحمید رازی، چیف انجینئر اوپن لائن ظفراللہ کلوڑ اور ایف اے اینڈ سی اے او ڈاکٹر محمد سعید سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ وزیر ریلوے نے ڈائریکٹر جنرل ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس ڈاکٹر فرحان عبادت یار خان کو پاکستان ریلوے کے اسکولوں کی حالت زار اور تعلیمی معیار بہتر بنانے کے لیے 5 سالہ منصوبہ بندی کی بھی ہدایت کی، جس میں ریلوے اسکولوں میں کام کرنے والے اساتذہ کے مسائل کا حل بھی موجود ہو۔ خواجہ سعد رفیق نے اس موقع پر پاکستان ریلوے کے اسکولوں کے بہتر ہوتے ہوئے نتائج کو بھی سراہا اور کہا کہ ان نتائج کو مزید بہتر بنانے کے لیے کام کیا جائے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ