سراج الحق کی اپیل پرآج سندھ بھر میں یوم احتجاج منایا جائیگا‘ڈاکٹر معراج

37

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارلحکومت تسلیم کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر ملک بھر کی طرح سندھ میں بھی یہودی ونصاریٰ گٹھ جوڑ اورامریکی صدر کے حالیہ اقدام کے خلاف بھرپوریوم احتجاج اوراحتجاجی
مظاہرے کیے جائیں گے۔ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنی انتخابی مشن کے دوران کیے گئے وعدوں کی پاسداری،صہیونی لابی کی خوشامد کرکے مشرق وسطیٰ میں ایک نئی جنگ کا سنگ بنیاد رکھنا چاہتے ہیں، آدھی سے زیادہ مسلم دنیا کو خانہ جنگی،لاکھوں مسلمانوں کا قتل عام کرانے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ ایک بار پھر مسلم دنیا خصوصاً عرب ممالک کو جہنم میں دھکیلنا چاہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ فلسطین برطانیہ اور امریکا سمیت مغربی ممالک کا پیدا کردہ ہے، جہاں پر اسرائیل کی شکل میں ایک خونخوار قانون سے ماورا ریاست کی شکل میں مسلم دنیا کے سینے میں خنجر گھونپا گیا۔ آج ایک بار پھر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے سے فلسطین سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں پر ایک نئی جنگ مسلط کرنے کی تیاری کی جارہی ہے،جس سے پورا مشرق وسطیٰ آگ کی لپیٹ میں آجائے گا،ترکی سمیت مسلم دنیا کو اب امریکا سے سفارتی تعلقات ختم کرکے فلسطینی مجاہدین کی تحریک مزاحمت کا پشتیبان بننا چاہیے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ