برطانوی سرمایہ کار پاکستان میں مواقع سے فائدہ اٹھائیں‘ وزیراعظم

54
اسلام آباد: لندن کے میئر صادق خان وزیراعظم شاہد خاقان سے ملاقات کررہے ہیں
اسلام آباد: لندن کے میئر صادق خان وزیراعظم شاہد خاقان سے ملاقات کررہے ہیں

اسلام آباد/ پشاور(صباح نیوز+ آئی این پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پا کستان برطانیہ کیساتھ قریبی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، دہشت گردی کے خلاف کامیابیوں کے باعث پاکستان برطانوی سرمایہ کاروں کے لیے بہترین مقام ہے ، برطانوی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں، حکومتی کاوشوں کے باعث پاکستان میں طلب سے زیادہ بجلی پیدا ہورہی ہے ۔جمعرات کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے میئر لندن صادق خان نے ملاقات کی۔ صنعت کاروں اور صحافیوں کا 25 رکنی وفد بھی صادق خان کے ہمراہ تھا ۔ وزیراعظم نے میئر لندن اور ان کے وفد کا خیر مقدم کیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہر پاکستانی کو صادق خان کے لندن میئر منتخب ہونے پر فخر ہے۔ پاکستان برطانیہ کیساتھ قریبی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی وجہ سے دوطرفہ تعلقات مضبوط ہوئے ہیں ۔ اس موقع پر میئر لندن صادق خان نے کہا کہ انفرااسٹرکچر ، ٹیکنالوجی اور توانائی کے شعبے میں حکومتی کامیابیاں لائق تحسین ہیں ،دورے سے پاکستان کے بارے میں غلط تاثر دور کرنے میں مدد ملی، میں اور میری ٹیم پاکستان کیساتھ اقتصادی تعلقات کی مضبوطی کے لیے کام کرے گی۔ برطانیہ میں 17لاکھ پاکستانی مقیم ہیں ،پاکستانی سرمایہ کار برطانیہ میں تجارتی مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں،پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کی مضبوطی کے لیے کام کرتا رہوں گا۔علاوہ ازیں میئر لندن پشاور پہنچے جہاں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرادری نے ان سے ملاقات کی۔ قبل ازیں میئر کراچی وسیم اختر نے صادق خان سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت کراچی کے میگا پروجیکٹس پر بات چیت ہوئی۔ میئر لندن نے کہا کہ پاکستان کے لوگوں نے بہت محبت دی، کراچی ایک بڑا شہر اور پاکستان کا دل ہے، کراچی کے حالات دیکھ کر لندن میں مقیم سرمایہ کار بھی کراچی میں سرمایہ کاری کے خواہش مند ہیں۔ میئر کراچی نے کہا کہ ٹرانسپورٹیشن اور سرکلر ریلویز کراچی کی اہم ضرورت ہیں۔ میئر لندن بولے، میری ٹیم حاضر ہے جو مدد آپ کو چاہیے، ہم دے سکتے ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ