سری لنکا کیخلاف دہلی ٹیسٹ ڈرا،سیریز 1-0 سے بھارت کے نام 

69
نئی دہلی: سری لنکن بلے بازروشن سلوابھارت کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ میں کلین بولڈ ہوتے ہوئے
نئی دہلی: سری لنکن بلے بازروشن سلوابھارت کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ میں کلین بولڈ ہوتے ہوئے

ئی دہلی (جسارت نیوز) بھارت اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا،3 میچوں کی سیریز 1-0 سے بھارت کے نام رہی، سری لنکن ٹیم نے میچ کے 5ویں اور آخری روز 410 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دوسری اننگز میں 5 وکٹوں پر 299 رنز بنائے، دھانن جایا ڈی سلوا اور روشن سلوا نے مشکل وقت میں ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف ٹیم کو شکست سے بچایا بلکہ بھارت کی جیت کی امیدوں پر بھی پانی پھیر دیا، دھانن جایا 119 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ روشن سلوا 74 اور ڈکویلا 44 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، ویرات کوہلی میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ دہلی ٹیسٹ کے 5 ویں اور آخری روز سری لنکن ٹیم نے 31 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر دوسری نا مکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے فتح کیلئے مزید 379 رنز درکار تھے، دن کے چھٹے اوور میں جدیجہ نے اینجلو میتھیوز کو آؤٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، 35 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد دھانن جایا ڈی سلوا اور کپتان دنیش چندیمل نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے 5 ویں وکٹ میں 112 قیمتی رنز جوڑ کر ا سکور 147 تک پہنچا دیا،ایشون نے چندیمل کو آؤٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، چندیمل 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد دھانن جایا نے روشن سلوا کے ساتھ مل کر اسکور 205 تک پہنچایا کہ دھانن جایا 119 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے، اس موقع پر نیروشن ڈکویلا نے روشن سلوا کا ساتھ دیا، دونوں نے ڈٹ کر حریف بولرز کا مقابلہ کیا ‘آخری روز جب کھیل ختم ہوا تو آئی لینڈرز نے 5 وکٹوں پر 299 رنز بنائے تھے، اسطرح میچ ڈرا ہو گیا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ