صدرلاہور چیمبر نے تیسری سی اے سی سمٹ کا افتتاح کردیا

388
صدر لاہور چیمبر آف کامرس ملک طاہر جاوید تیسری سی اے سی پاکستان سمٹ کا افتتاح کررہے ہیں 
صدر لاہور چیمبر آف کامرس ملک طاہر جاوید تیسری سی اے سی پاکستان سمٹ کا افتتاح کررہے ہیں 

لاہور(اے پی پی ) لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل کے ہمراہ تیسری سی اے سی پاکستان سمٹ اور نمائش کا افتتاح کردیا۔ ایکسپوسینٹر لاہور میں منعقدہ اس تقریب میں ڈائریکٹر چائنا کونسل برائے انٹرنیشنل ٹریڈ پروموشن ایزابیل ڈونگ، چیئرمین پاکستان کراپ پروٹیکشن ایسوسی ایشن سعید اکبر، سیکرٹری ایگریکلچر ایم محمود، لاہور چیمبر کی ا سٹینڈنگ کمیٹی کے کنوینئر جاوید سلیم قریشی اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین بھی موجود تھے، لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے زرعی شعبے کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے اورپیداوار بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ سی اے سی سمٹ اور نمائش پاکستان کے زراعت سے وابستہ افراد کے لیے چین کی مہارت اور تجربہ سے سیکھنے کا ایک بہت بڑا موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کا پاکستان سے تعاون بے مثال ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیاء کا واحد ملک ہے جہاں پہلی بار سی اے سی نمائش منعقد ہوئی ، انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ نمائش پاکستان کے زرعی شعبے کے استحکام میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کو بہت اہمیت دیتا اور اس کے ساتھ قریبی تعلقات رکھنے کا خواہشمند ہے۔ سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید نے کہا کہ پاکستان کو چین کے تجربہ اور مہارت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ نائب صدر ذیشان خلیل نے بھی نمائش کے انعقاد کے اغراض و مقاصد پر بھرپور روشنی ڈالی۔ ، ایزابیل ڈونگ نے کہا کہ زرعی شعبے میں چین کا پاکستان سے تعاون کامیابیوں کی نئی داستانیں رقم کرے گا۔ا سٹینڈنگ کمیٹی کے کنوینر جاوید سلیم قریشی نے کہا کہ پنجاب کے زرعی شعبے کے مسائل حل کردئیے جائیں تو یہ اربوں روپے کی اضافی آمدن دے سکتا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ