ملتان میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام‘5دہشت گرد گرفتار

91

ملتان‘راولپنڈی‘(آئی این پی‘صباح نیوز)سی ٹی ڈی نے ملتان میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا، کالعدم تنظیم کے 5 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے خطرناک اسلحہ برآمدکرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پرملتان میں بنڈاسندیلہ کے علاقے میں کارروائی کی۔سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں سے دستی بم اور اسلحہ بھی برآمد ہواہے،دہشت گردملتان میں تخریب کاری کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔بم ڈسپوزل اسکواڈ نے دہشت گردوں سے ملنے والے بارودی مواد کو ناکارہ بنادیا ہے جبکہ دہشت گردوں کو بھی تحقیقات کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ راولپنڈی میں دہشت گردی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے شہر کی اہم ترین شاہراہ سے 3 بارودی جیکٹس کو برآمد کر لیا گیا ہے۔مال روڈ پر مشکوک شاپنگ بیگ ملنے پر آرمی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ شاپنگ بیگ میں 3 بارودی جیکٹس تھیں جن میں سے 2 پھٹ گئیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ایک جیکٹ کو ناکارہ بنا دیا گیا۔ واقعے کے بعد مال روڈ پر سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔ رابطہ کرنے پر ایس ایچ او تھانہ کینٹ طاہر نے موقف اختیار کیا کہ مشکوک شاپر سے گندے کپڑے برآمد ہوئے ہیں لیکن عینی شاہدین کے مطابق بارودی جیکٹس پھٹنے کی آواز دور دور تک سنائی دی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ