انتخابات تاخیر کا شکار ہوئے تو ذمے دارزرداری ہونگے‘ سعد رفیق

52

لاہور(نمائندہ جسارت)وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اگر عام انتخابات وقت پر نہ ہوئے تو اس کی ذمے داری آصف زرداری اور پیپلز پارٹی پر عاید ہوگی ، آئینی ترمیم میں صرف ہمارا نہیں تمام جماعتوں کا مفاد ہے، ہم جو قانون لائے ہیں یہ ہی بھٹو کا قانون ہے پاناما کیس سے عمران خان سمجھتے ہیں کہ وہ اقتدار حاصل کر لیں گے لیکن یہ ان کی بھول ہے اقتدار کے لیے عمران خان کو شیطان سے بھی اتحاد کرنا پڑے تو کر لیں گے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعد رفیق کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ الیکشن وقت پر ہوں۔ حلقہ بندیوں کے حوالے سے آئینی ترمیم کی منظوری مؤخر ہوئی تو اس کے ذمے دار آصف زرداری ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں پر کرپشن اور غداری کے الزامات لگائے گئے لیکن یہ الزامات نئے نہیں ہیں ۔ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران خان قابل رحم شخص ہیں، وہ ہر جگہ پروپیگنڈا کرتے اور گالیاں دیتے پھرتے ہیں۔