انتخابات میں الیکٹرونک ووٹنگ مشین استعمال نہیں ہوگی‘ الیکشن کمیشن

114

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن ڈاکٹراختر نذیر نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں لیکن الیکشن میں الیکٹرونک مشین استعمال نہیں کریں گے۔جمعرات کو کراچی میں الیکشن کمیشن کے تحت منعقدہ میڈیا ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن ڈاکٹراخترنذیر نے کہا کہ انتخابات 2018ء کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، آئندہ عام انتخابات میں الیکٹرونک مشین استعمال نہیں کی جائے گی جب کہ ووٹرز کے لیے20کروڑ بیلٹ پیپرز کی ضرورت ہوگی جن کی طباعت کے لیے ورک آرڈر تیار کرلیا گیا ہے، بیلٹ پیپرز کی طباعت سخت سیکورٹی میں ہوگی۔ایڈیشنل سیکرٹری نے کہا کہ عام انتخابات کے لیے 85 ہزار 744 پولنگ اسٹیشنز اور 2 لاکھ 68 ہزار 286 پولنگ بوتھ قائم کیے جائیں گے، ریٹرنگ افسر کو الیکشن کی رات 2 بجے تک نتیجہ لازمی دینا ہوگا، اگر کسی حلقے میں خواتین کے ووٹ کا تناسب 10 فیصد سے کم ہوا تو نتیجہ کالعدم قرار دے دیا جائے گا اور متعلقہ پولنگ اسٹیشن یا حلقے میں پولنگ دوبارہ کرائی جائے گی اور اگر کسی نے خواتین کو حق رائے دہی سے روکنے کی کوشش کی تو اسے 3 سال قید کے ساتھ ایک لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا، نئے قانون کے تحت الیکشن ایکٹ2017ء میں یہ قانون شامل ہے اور الیکشن کمیشن نے اس ایکٹ کو منظور کرلیا ہے۔ ڈاکٹر اخترنذیر نے کہا کہ کسی بھی صوبائی یا قومی اسمبلی کے حلقے میں اگر2امیدواروں کے ووٹ برابر ہوگئے تو دونوں امیدوار ڈھائی ڈھائی سال کے لیے رکن اسمبلی ہوں گے، الیکشن ایکٹ 2017ء کے تحت دونوں امیدوار باہمی رضامندی سے پہلے یا بعد میں رکن اسمبلی بننے کا تعین کریں گے۔

حصہ