انتخابی اصلاحات کیخلاف اپیلیں سماعت کیلیے منظور

123

اسلام آباد( نمائندہ جسارت) عدالت عظمیٰ نے پارلیمنٹ سے منظور ہونے والے انتخابی اصلاحات کے بل 2017 ء کے خلاف تمام 9 اپیلوں کو سماعت کے لیے منظور کرلیا ہے۔ اس بل کو پیپلز پارٹی، شیخ رشید اور جمشید دستی سمیت 9 فریقین نے چیلنج کیا تھا۔ درخواست گزاروں کو سب سے زیادہ اعتراض اس شق پر ہے جو کسی بھی نا اہل شخص کو کسی سیاسی جماعت کی سربراہی کرنے کی اجازت دیتی ہے۔عدالت عظمیٰ کے رجسٹرار نے اعتراضات لگاتے ہوئے درخواست گزاروں کو ہدایت کی تھی کہ وہ متعلقہ فورم سے رجوع کریں۔ رجسٹرار نے کہا تھا کہ درخواستیں براہ راست عدالت عظمیٰ میں دائر نہیں کی جا سکتیں۔بدھ کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ان درخواستوں پر عدالت عظمیٰ کے رجسٹرار آفس کی طرف سے لگائے گئے اعتراضات کی سماعت اپنے چیمبر میں کی۔شیخ رشید کی جانب سے فروغ نسیم جبکہ جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے شیخ احسن الدین اور دیگر درخواست گزار چیف جسٹس کے روبرو پیش ہوئے۔ابتدائی سماعت میں دلائل سننے کے بعد چیف جسٹس نے اعتراضات ختم کردیے اور رجسٹرار آفس کو درخواستوں پر نمبر لگا کر سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے قرار دیا کہ ان درخواستوں کے قابل سماعت ہونے کا فیصلہ کھلی عدالت میں کیا جائے گا۔چیف جسٹس کی جانب سے درخواستیں سماعت کے لیے منظور کیے جانے کے بعد اب ایک 3رکنی بینچ ان درخواستوں کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کی کارروائی کی سماعت کرے گا۔