وزیرخزانہ اسحاق ڈار مفرور‘ کارروائی کا حکم ‘ ضامن کو نوٹس

82

اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو مسلسل عدم حاضری پر مفرور قرار دیتے ہوئے مشتہرکرنے کی کارروائی کا حکم جاری کردیا ہے ۔فاضل عدالت نے حاضری سے استثنا کی استدعابھی مسترد کردی جب کہ اسحاق ڈار کی جگہ نمائندہ مقرر کرنے کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے ۔عدالت نے وزیرخزانہ کے ضامن احمد علی قدسی کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے 24نومبر تک جواب جمع کاحکم دیا ہے ۔منگل کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت کی ۔ دوران سماعت وزیر خزانہ کے وکیل قوسین فیصل مفتی عدالت میں پیش ہوئے اور ملزم اسحاق ڈار کی تیسری میڈیکل رپورٹ پیش کی ۔جس پر نیب پراسیکیوٹر عمران شفیق کی جانب سے اعتراضات اٹھائے گئے۔ بعدازاں عدالت نے وزیر خزانہ کی طلبی کے لیے نیب حکام سے 4دسمبر کو رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔