پورٹ قاسم پر ایل این جی ٹرمینل کا افتتاح‘ جو منصوبہ شروع کیا اسے تکمیل تک پہنچایا‘ وزیراعظم

111
کراچی: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی پورٹ قاسم پر ایل این جی ٹرمینل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے ہیں
کراچی: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی پورٹ قاسم پر ایل این جی ٹرمینل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وفاق نے جو بھی منصوبہ شروع کیا تکمیل تک پہنچایا، توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں، گیس سے چلنے والے 3بجلی گھر جلد کام شروع کردیں گے ،رواں سال پاکستان کی شرح نمو5.3فیصدرہی،آئندہ سال یہ شرح6فیصدتک پہنچ جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکو پورٹ قاسم پر ایل این جی ٹرمینل کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر گورنرسندھ محمدزبیر اور دیگراعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم مختلف ذرائع سے بجلی حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور توانائی کی طلب کو پورا کرنے کے لیے منصوبوں کو مکمل کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ ریگولیٹری فریم ورک فراہم کرناہے۔ شاہد خاقان عباسی کے بقول پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور ایل این جی میں بہت زیادہ سرمایہ کاری ہو سکتی ہے ، سرمایہ کار ایل این جی سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان آ کر سرمایہ کاری کریں ۔ حکومت انہیں ہر ممکن مراعات اور تحفظ فراہم کرے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کوئلے سے تعمیر ہونے والا 360 میگاواٹ بجلی گھر کا منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ۔اس کے علاوہ مزید بجلی گھر تعمیر کیے جارہے ہیں،ان بجلی گھروں کی تکمیل سے توانائی کا بحران ختم ہوجائے گا ۔ پاکستان ترقی کر رہا ہے، صنعت کا پہہ چل رہا ہے ، امن و امان بہتر ہونے کی وجہ سے ملک کی معیشت بہتر ہو رہی ہے، حکومت نے تاجروں اور صنعت کاروں کے لیے ماحول دوست تجارتی پالیسی تیار کی ہے ، تاجر اس پالیسی سے استفادہ کریں۔

حصہ