سی پیک میں امریکی رکاوٹ ‘ پاکستان اور چین دفاعی تعاون بڑھانے پر متفق

97

اسلام آباد (صباح نیوز) سی پیک میں رکاوٹ اور خطے کے لیے نئی امریکی پالیسی کے تناظر میں پاکستان اور چین نے دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔پیر کو پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا 8ویں دور دفتر خارجہ اسلام آباد میں منعقد ہوا ۔پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کی جبکہ چینی وفد کی نمائندگی مسٹر کونگ ہانگ یو نے کی ۔اس موقع پر پاکستان اور چین کے درمیان مجموعی تعلقات سمیت علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بات چیت کی گئی ۔ دونوں ممالک نے معیشت اور دیگر اہم نوعیت کے معاملات پر بھی تعلقات کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور ان کے چینی ہم منصب نے خطے خصوصاً افغانستان کی صورتحال جنوبی ایشیاء کے لیے نئی امریکی پالیسی سمیت دیگر امور پر تفصیلی بات چیت کی ۔اس موقع پر تہمینہ جنجوعہ نے اپنے چینی ہم منصب کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال اور وہاں پر جاری بھارتی مظالم سے آگاہ کیا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ بین الاقوامی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی ۔