وزیراعظم کی کراچی آمد ‘ وفاق کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

120
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا استقبال کررہے ہیں
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا استقبال کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وفاق پورے ملک کی یکساں ترقی کے وژن پر گامزن ہے۔ عوام کی جان و مان کا تحفظ اور انھیں ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے اتوار کو گورنر ہاؤس کراچی پہنچنے پر گورنر سندھ محمد زبیر سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ ملاقات میں صوبہ کی صورتحال،امن و امان ، وفاق کے تحت جاری منصوبوں میں ہونے والی پیش رفت، معاشی ، اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں سمیت اہمیت کے حامل دیگر امورپر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ کراچی ملک کی شہ رگ ہے جس کی ترقی وخوشحالی کے اثرات پورے ملک پر مرتب ہو تے ہیں۔ کراچی میں دیر پاامن و امان کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد ترقیاتی کاموں پر بھرپور توجہ مرکوز ہے۔ صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لیے وفاق کا تعاون جاری رہے گا۔ امن و امان کے قیام سے معاشی ،اقتصادی ، تجارتی ، سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں میں تسلسل سے اضافہ ہو رہا ہے۔ اس موقع پر گورنر سندھ محمد زبیر نے وزیراعظم کو بتایا کہ صوبہ کی ترقی و خوشحالی کے لیے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں،صنعت کار ، تاجر اور دیگر تمام اسٹیک ہولڈر ز کے ساتھ مشاورت جاری ہے،ہر کوئی صوبے کی ترقی و خوشحالی کا خواہش مند ہے۔ وفاق کے تعاون سے جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے عوام کا معیار زندگی بلند ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ترقیاتی پیکیج سے عوامی مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کراچی پیکیج کے ترقیاتی منصوبے تشکیل دیے گئے ہیں۔ قبل ازیں وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کراچی ائرپورٹ پر پہنچے تو گورنر سندھ محمد زبیر اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود وزیراعظم آج پیر کو پورٹ قاسم پرایل این جی ٹرمینل کاافتتاح کریں گے ۔