رابطہ مہم‘ سندھ بھر میں دعوتی کیمپوں کا انعقاد‘ قائدین کے دورے‘ عوام سے ملاقات

116
ککری کراؤنڈ میں دعوتی واصلاحی اجتماع عام سے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم ‘ امیر سندھ معراج الہدیٰ صدیقی‘ کراچی کے امیر حافظ نعیم اور سید عبدالرشید خطاب کررہے ہیں
ککری کراؤنڈ میں دعوتی واصلاحی اجتماع عام سے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم ‘ امیر سندھ معراج الہدیٰ صدیقی‘ کراچی کے امیر حافظ نعیم اور سید عبدالرشید خطاب کررہے ہیں

کراچی/بدین/حیدرآباد/ٹھٹھہ (اسٹاف رپورٹر+نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی سندھ کے تحت ملک گیر رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں اتوار کو کراچی سمیت سندھ بھر میں دعوتی و تبلیغی کیمپ کا انعقاد کیا گیا، مرکزی و صوبائی قائدین نے کیمپوں کے دورے کیے ، مقامی کارکنان کے ہمراہ بازاروں اور گھرگھر جا کر لوگوں سے ملاقات کی اور جماعت اسلامی کی دعوت و منشور اور سراج الحق کا پیغام پہنچایا۔ مرکزی امیر سینیٹر سراج الحق، صوبائی امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی اور کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے ککری گراؤنڈ میں منعقد دعوتی اجتماع سے خطاب کیا جبکہ مرکزی رہنماؤں اسد اللہ بھٹو، راشد نسیم، ممتاز حسین سہتو ، محمد حسین محنتی، حافظ نصراللہ عزیز، عظیم بلوچ و دیگر رہنماؤں نے اندرون سندھ مختلف مقامات پر رابطہ عوام مہم میں حصہ لیا۔ بڑے پیمانے پر ہینڈ بلز و دعوتی لٹریچر تقسیم کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ صوبائی امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کراچی وبدین میں رابطہ عوام مہم کیمپ کے دورے کے دوران اپنے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی ظالم و مظلوم کی جنگ جاری ہے حکمران عرش پر تو عوام فرش پر ہیں جبکہ عام آدمی اپنے مستقبل سے مایوس ہے۔ مدینے جیسی مثالی ریاست کا قیام ہی آج کے تمام مسائل کا حل ہے جس کے لیے جماعت اسلامی جدوجہد کرہی ہے۔ رابطہ عوام مہم بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ جنیوا کنونشن میں پاکستان سے تحفظ ناموس رسالت قانون ختم کرنے کا امریکی مطالبہ قابل مذمت امت مسلمہ پر حملہ اور مذہبی آزادی کے منافی ہے۔ کوئی بھی مسلمان پھر چاہے وہ کتنا ہی کیوں گنہگا رنہ ہو وہ اپنا سرتو قلم کرا سکتا ہے مگر اپنے نبی ؐکی شان میں کوئی گستاخی برداشت نہیں کرسکتا۔ اسلام و کلمہ طیبہ کے نام پر معرض وجود میں آنے والے ملک کی اسمبلی میں تحفظ ناموس رسالت اور ختم نبوت قانون پر ضرب کاری لگائی جاتی ہے مگر حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی ، یہ بے حسی و غیروں کی غلامی کی انتہا ہے۔ عوام یہ پوچھنے کا حق رکھتے ہیں کہ یہ حرکت کس نے کی؟ کمیٹی کی رپورٹ سے قوم کو آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عالم کفر اسلام اور مصطفوی تہذیب سے خوفزدہ ہے۔ مسلمانوں کو قرآن اور اپنے نبی ؐکے رشتے سے کوئی بھی طاقت الگ نہیں کرسکتی جب دہشت گردوں، چوروں کا سہولت کاردہشت گر د اورچور ہے تو قادیانیوں کے سہولت کار کو کیا کہا جائے؟صوبائی جنرل سیکرٹری ممتاز حسین سہتو نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج صوبہ سندھ ایسے بادشاہوں کے نرغے میں ہے جنہوں نے یہاں کے مزدوروں ہاریوں کا حال و مستقبل تاریک کردیا ہے۔ قدرتی وسائل سے مالامال ہونے کے باوجود غربت افلاس کے ڈیرے ہیں ۔ جماعت اسلامی ملک کی واحد جماعت ہے کہ جس کے پاس کوئی جاگیردار نہیں ہے۔ مزدوروں کسانوں کو اپنے بہتر مستقبل کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہوگا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ چوروں کوسرکاری پرٹوکول اور عدالتی پیشی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرنا قومی المیہ اور ہٹ دھرمی کی انتہا ہے۔ خوشحال ، پرامن اور مستحکم پاکستان کے لیے بلا تفریق کرپٹ لوگوں کا احتساب نا گزیر ہے۔تلہار میں رابطہ عوام کیمپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہاکہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور سابق وزیر اعظم کی اہلیہ علاج کرانے کے لیے لندن اور برطانیہ کا رخ کرتے ہیں نواز شریف نے ملک میں 10 سال حکومت کی لیکن عوام کو بنیادی سہولیات نہ دے سکے ، پی پی پی کی حکومت نے روٹی ، کپڑا اور مکان کے نام پر الیکشن جیتی لیکن آج تک عوام کو روٹی ، کپڑا اور مکان کی سہولیات نہ دے سکیں تو عوام کی کیا خدمت کریں گے ، صوبے کے اندر پرائمری اسکولز کی عمارتیں زبوں حالی کا شکار ہیں، اسکولز میں فرنیچر، کتابیں کسی بھی چیز کی سہولیات میسر نہیں، غریب بچے تعلیم سے محروم ہیں، ہزاروں اسکول بند پڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کی تقدیر جماعت اسلامی ہی بدل سکتی ہے، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق 3 بار وزیر خزانہ رہ چکے ہیں، 27ارب روپے کا بجٹ پیش کیا لیکن اس پر کوئی بھی کرپشن کا الزام نہیں۔