کولکتہ ٹیسٹ‘ بھارتی ٹیم 172رنز پرآؤٹ‘ سری لنکا نے 165رنز بنالیے

88
کولکتہ : بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز سری لنکن بلے باز تھریمانے شاٹ کھیلتے ہوئے 
کولکتہ : بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز سری لنکن بلے باز تھریمانے شاٹ کھیلتے ہوئے 

کولکتہ(جسارت نیوز) بھارت اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز بھی خراب روشنی کے باعث میچ کو وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا، سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنا لیے تھے اور اسے میزبان ٹیم کی پہلی اننگز کاا سکور برابر کرنے کیلیے مزید 7 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی ابھی 6 وکٹیں باقی ہیں، اینجلو میتھیوز اور تھریمانے نے مشکل وقت میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو سہارا دیا، میتھیوز 52 اور تھریمانے 51 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان دنیش چندیمل 13 اور نیروشن ڈکویلا 14 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، بھنشور کمار اور اومیش یاداو نے 2، 2 وکٹیں لیں، قبل ازیں بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں 172 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تھی، چیتشور پوجارا 52 رنز بنا کر نمایاں رہے، سرنگا لکمل نے 4، گاماگے، شناکا اور پریرا نے 2، 2 وکٹیں لیں۔ہفتے کو کولکتہ ٹیسٹ کے تیسرے روز بھارتی ٹیم نے 74 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو پوجارا 47 اور وریدیمن ساہا 6 رنز پر کھیل رہے تھے، 79 کے اسکور پر پوجارا نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد گاماگے کی گیند پر بولڈ ہو گئے، انہوں نے 52 رنز بنائے، ان کے آؤٹ ہونے کے بعد بھارتی کھلاڑی بڑی پارٹنرشپ قائم کرنے میں ناکام رہے اور پوری ٹیم 172 رنز پر ڈھیر ہو گئی، ساہا 29، جدیجہ 22، کمار 13 اور محمد شامی 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، لکمل نے 4 جبکہ گاماگے، شناکا اور پریرا نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جواب میں سری لنکن ٹیم پہلی اننگز کیلیے جب میدان میں اتری تو اس کا آغاز بھی کچھ زیادہ اچھا نہ تھا اور 34 کے اسکور پر بھنشور کمار نے دونوں اوپنرز سمارا وکراما اور کرونارتنے آؤٹ کر دیا، سمارا وکراما 23 اور کرونارتنے 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس موقع پر اینجلو میتھیوز اور تھریمانے نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے مشکل وقت میں ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور تیسری وکٹ میں 99 رنز جوڑ کر ٹیم کاا سکور 133 تک پہنچا کر اسے سہارا دیا، یہاں پر یاداو نے تھریمانے کو آؤٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ ڈالی، تھریمانے 51 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، ان کے آؤٹ ہونے کے بعد میتھیوز کی ہمت بھی جواب دے گئی اور 52 رنز بنا کر یاداو کی گیند کا نشانہ بنے، اس کے بعد کپتان چندیمل اور ڈکویلا نے محتاط انداز اپنایا اور مزید نقصان نہ ہونے دیا، خراب روشنی کے باعث میچ کو وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا، سری لنکا نے 4 وکٹوں پر 165 رنز بنا لیے تھے اور اسے بھارت کی پہلی اننگز کاا سکور برابر کرنے کیلیے مزید 7 رنز درکار ہیں، چندیمل 13 اور ڈکویلا 14 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، کمار اور یاداو نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

حصہ