چھریوں کے وار سے زخمی 38 سالہ رکشا ڈرائیور چل بسا

18

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایوب گوٹھ سے ایک 38سالہ شخص کی لاش برآمدہوئی ہے ،مقتول کو چھریوں کے وار کر کے قتل کیاگیا تھا،تفصیلات کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے کی حدود ایوب گوٹھ وزیر گوٹھ میں واقع الکرم بلڈنگ کے قریب سڑک سے ایک شخص شدید زخمی حالت میں ملا جس کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر اس کو موبائل میں ڈال کر عباسی اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹرز نے معائنے کے بعد اس کی موت کی تصدیق کردی۔ پولیس نے بتایا کہ اسپتال میں مقتول کی شناخت 38سالہ فیاض علی ولد بخت علی کے نام سے کی گئی جو کہ شاد باغ سوسائٹی کا رہائشی اور آبائی تعلق پنجاب سے تھا ۔پولیس نے مزید بتایا کہ مقتول رکشا چلاتا تھا اور اہل خانہ نے بیان دیا ہے کہ ان کی کسی سے دشمنی نہیں تھی۔پولیس نے کہا کہ ڈاکٹرز رپورٹ میں کہا گیا کہ مقتول کو چھریوں کے پے در پے وار کر کے قتل کیا گیاہے۔ پولیس نے واقعے کو ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیتے ہو ئے لاش کو کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا ۔