بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ‘گوجرانوالہ ‘بہاولپوراورلاہور کامیاب

24

ملتان/بہاولپور(جسارت نیوز)نیشنل بینک آف پاکستان ٹی ٹوئنٹی بلائنڈ کرکٹ ٹرافی میں گوجرانوالہ، لاہور، بہاولپور اور اسلام آباد کی ٹیموں نے مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی، آزاد جموں و کشمیر اور پشاور نے بھی اپنے اپنے میچز جیت لیے۔ جمعہ کو ملتان کینٹ میں کھیلے گئے میچ میں پشاور بلائنڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 273 رنز بنائے، محسن خان نے 118 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، محمد شاہد نے 2 وکٹیں لیں، جواب میں کوئٹہ بلائنڈ ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم نویں اوورز میں صرف 47 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، محسن خان نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، بہاولپور میں کھیلے گئے ایک میچ میں گوجرانوالہ نے ایبٹ آباد کو ہرا کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی، ایبٹ آباد بلائنڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں پر 159 رنز بنائے، جواب میں گوجرانوالہ بلائنڈ نے مطلوبہ ہدف 12 ویں اوور میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا، ملتان میں لاہور بلائنڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، جواب میں کوئٹہ بلائنڈ نے مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی‘ اور وہ مقررہ اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان 262 رنز بنا سکی،ایک اور میچ میں پی بی سی سی ینگ سٹار نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں دو وکٹوں پر 98 رنز بنائے، جواب میں بہاولپور نے مطلوبہ ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، آزاد جموں و کشمیر بلائنڈ نے فیصل آباد بلائنڈ کو ہرا کر پہلی کامیابی حاصل کی جبکہ اسلام آباد بلائنڈ نے ملتان بلائنڈ کو 9 وکٹوں سے ہرا کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی۔