پاکستان کے ساتھ سیریز‘بھارتی کرکٹ بورڈ کا خصوصی سالانہ اجلاس یکم دسمبر کو ہو گا

13

نئی دہلی (جسارت نیوز) بی سی سی آئی کا خصوصی سالانہ جنرل اجلاس یکم دسمبر کو منعقد ہو گا، پاکستان کے خلاف سیریز سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ بی سی سی آئی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق بی سی سی آئی کا سالانہ جنرل اجلاس یکم دسمبر کو ہو گا جس میں پاکستان کے خلاف باہمی سیریز کے علاوہ بھارتی ٹیم کے 2019ء سے 2023ء تک فیوچر ٹورز پروگرام، سابق آئی پی ایل فرنچائز کوچی ٹسکرز کریلا کے بی سی سی آئی پر 850 کروڑ روپے ہرجانے کے دعویٰ اور راجستھان کرکٹ ایسوسی ایشن کی منسوخی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ بی سی سی آئی نے معاہدے کی خلاف ورزی کرنے پر کوچی ٹسکر کریلا فرنچائز کو معطل کیا تھا تاہم سی جے آئی لاہوتی کی سربراہی میں قائم ثالثی پینل نے معطلی کو غیرقانونی قرار دے دیا تھا۔