بلوچ محمدن فٹبال ‘ کلری اسٹار اورماڑی پور بلوچ سیمی فائنل میں 

49

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلوچ محمدن فٹبال کلب ساؤتھ کے زیراہتمام بھیا باغ گراؤنڈ لیاری میں آل کراچی بلوچ محمدن گولڈن جوبلی فٹبال ٹورنامنٹ میں کلری اسٹار نے کورنگی بلوچ کو2-1 سے شکست دیکر اور ماڑی پور بلوچ نے ینگ تغلق کو 3-0سے قابو کرکے سیمی فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔کوارٹر فائنل میں کلری اسٹارساؤتھ نے کورنگی بلوچ کے خلاف ایک دلچسپ مقابلے کے بعد 2-1 سے ہراکر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی۔ پہلے ہاف میں کلری اسٹار کو فاروق نے14 ویں منٹ میں گول اسکور کرکے 1-0کی برتری دلوادی۔ پہلے ہاف کے اختتام پر کلری اسٹار کی ٹیم کو1-0 کی سبقت حاصل تھی۔ وقفے میں مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن ملیر کے سیکریٹری اور کراچی فٹبال نیوز گروپ کے سرپرست اعلی شاہد تاج کا دونوں ٹیموں سے تعارف کرایا گیا۔دوسرے ہاف کے آغاز میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر حملے جاری رکھے اور56 ویں منٹ میں کلری اسٹار کو نبیل نے دوسرا گول بناکر ٹیم کی برتری کو2-0 سے مستحکم کیا، کورنگی بلوچ کے اختر نے گول کرکے مقابلہ کا اسکور2-1 کردیا۔ اختتامی لمحات نے کورنگی بلوچ نے گول برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی۔لیکن کامیابی نہیں مل سکی۔ریفری نے وسل بجائی تو کلری اسٹار2-1 سے سرخرو ہوکر میدان سے باہر آئی۔ ماڑی پوربلوچ نے ینگ تغلق ساؤتھ کو 3-0سے شکست دیکر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی۔ ماڑی پور بلوچ کی جانب سے شاکر نے13 ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو1-0 کی برتری حاصل کی، جس کو طارق نے20 ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کی برتری کو2-0سے دگنا کردیا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر ماڑی پور بلوچ کی ٹیم2-0 سے جیت رہی تھی ۔دوسرے ہاف میں ینگ تغلق نے گول کرنے کی کوشش کی لیکن ماڑی پور بلوچ کے گول کیپر اور دفاعی کھلاڑیوں نے ان کی کوشش کوناکام بنادیا۔ کھیل کے50 ویں منٹ میں جلیل نے گول کرکے اپنی ٹیم کو 3-0سے فتح دلوادی۔

حصہ