حدیبیہ ریفرنس کی سماعت سے جسٹس کھوسہ کا انکار‘ بینچ ٹوٹ گیا

68

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) عدالت عظمیٰ کے سینئر ترین جج آصف سعید کھوسہ نے حدیبیہ پیپرز ملز کیس کی سماعت سے معذرت کر لی۔جس کے نتیجے میں 3رکنی بینچ ٹوٹ گیا اور سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی ہوگئی ہے۔نیا بینچ تشکیل دینے کی درخواست چیف جسٹس کو بھجوا دی گئی ہے جبکہ نیب نے کیس کو آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کردی۔جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ رجسٹرار آفس نے کیس غلطی سے بینچ کے سامنے لگا دیا اور شایدرجسٹرار آفس نے پاناما کیس پر میرا فیصلہ نہیں پڑھا، اپنے فیصلے میں حدیبیہ کیس کھولنے کے حوالے سے ایک حد تک فیصلہ دے چکا ہوں، رجسٹرار آفس کو کیس ہمارے بینچ کے سامنے نہیں لگانا چاہیے تھا۔جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ پاناما کیس میں چیئرمین نیب کو بھی بلایا گیا تھا، باقی ججزکے فیصلوں سے متعلق میں کچھ نہیں کہوں گا تاہم میں نے اپنے فیصلے میں حدیبیہ کیس سے متعلق 14 پیراگراف لکھے ہیں، اسحاق ڈار کی حد تک بھی میں فیصلہ دے چکا ہوں، اسحاق ڈار پہلے ملزم تھے پھر وعدہ معاف گواہ بن گئے، میں نے پاناما کیس کے اپنے فیصلے میں اسحاق ڈار کے خلاف نیب کو کارروائی کا بھی کہا تھا۔

حصہ