نئی حلقہ بندیوں پر مشاورت کے لیے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس کل ہوگا

34

اسلام آباد (آئی این پی) اسپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے آئینی ترمیم پر مشاورت کے لیے پارلیمانی رہنماؤں کا 5واں اجلاس (کل) بدھ کو طلب کر لیا۔ قومی اسمبلی سیکر ٹریٹ کے مطابق اسپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس(کل)بدھ کی شام 4بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کر لیا ہے ،اجلاس میں قومی اسمبلی میں موجود پارلیمانی قائدین شرکت کریں گے۔اجلاس میں قومی اسمبلی کی حلقہ بندیوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے4اجلاس ہوئے مگر آئینی ترمیم پر اتفاق رائے نہیں ہوسکا تھا، گزشتہ اجلاس میں پیپلز پارٹی نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے آئینی ترمیم کا بل قومی اسمبلی سے قبل مشترکہ مفادات کونسل میں پیش کیا جائے اور سی سی آئی سے منظوری کے بعد بل قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے، جبکہ دیگر جماعتوں نے اسکی مخالفت کی اور معاملہ پارلیمنٹ میں حل کرنے پر زور دیا تھا۔ ایاز صادق نے حکومت سے درخواست کی تھی کہ اس حوالے سے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلایا جائے کیونکہ سینیٹ میں پیپلز پارٹی کی حمایت کے بغیر آئینی ترمیم کا بل منظور نہیں ہو سکتا۔

حصہ