نیب کارکردگی پر بریفنگ کیلیے سینیٹ کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو ہوگا

35

اسلام آباد (صباح نیوز) قومی احتساب بیورو کی مجموعی کارکردگی پر بریفنگ کے لیے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے اجلاس کا ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔ قائمہ کمیٹی بے لاگ بلاتفریق و بلا امتیاز احتساب کے معاملے پر سفارشات پر غور کرے گی، اجلاس جمعرات 16نومبر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا، اجلا س میں چیئرمین نیب جسٹس( ر) جاوید اقبال کو ادارے کی کارکردگی سے آگاہ کرنے کے لیے مدعو کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز قومی احتساب بیورو کی مجموعی کارکردگی پر بریفنگ کے لیے کمیٹی اراکین چیئرمین نیب، وزارت قانون و انصاف کو اجلاس کے ایجنڈے سے باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا۔ اراکین کمیٹی نیب کے زیر سماعت اور زیر التواء مقدمات کے حوالے سے آگاہی لیں گے۔ چیئرمین نیب سے کہا گیا ہے کہ وہ ادارے کی مجموعی کارکردگی سے آگاہ کریں ،کارکردگی کے بارے میں کمیٹی کی طرف سے ایوان بالا میں رپورٹ پیش کیے جانے کا امکان ہے ۔چیئرمین نیب سے کہا گیا ہے کہ وہ نیب کے گزشتہ 3 سال کے کیسوں کی تعداد اور ان پر جاری کارروائی کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کریں ۔

حصہ