پاکستان کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ بہتر بنانے کے اقدامات

67

لاہور(جسارت نیوز)پاکستانی بیٹنگ کی خامیاں کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں، سری لنکا کے خلاف قومی ٹیم چھوٹا سا اسکور بنانے میں ناکام رہی اور ابوظہبی ٹیسٹ ہار گئی۔اسی خامی کو دور کرنے کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے اقدامات کرنے شروع کردیے ہیں۔ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور آف سیزن میں کئی بیٹسمینوں کے ساتھ سیشن کر رہے ہیں تاکہ ان کی بیٹنگ کی خامیاں دور کرائی جائیں۔اس سلسلے میں قومی اکیڈمی لاہور میں مکی آرتھر اور گرانٹ فلاور نے پاکستانی کوچز کی مدد سے کئی نوجوان بیٹسمینوں کے ساتھ گھنٹوں محنت کی۔پاکستانی ٹیم کے تھنک ٹینک کو یقین ہے کہ کھلاڑیوں کی تکنیک میں بہتری آئے گی۔اکیڈمی میں فخر زمان کی بیٹنگ تکنیک پر بھی کام کیا گیا ہے جبکہ ٹیسٹ بیٹسمین فواد عالم کے منفر بیٹنگ اسٹائل کو دیکھ کر مکی آرتھر اور گرانٹ فلاور کو حیرت ہوئی۔فواد عالم نے اپنا بیٹنگ اسٹائل مزید تبدیل کیا ہے اور اب وہ لیگ سائیڈ کی جانب جاکر زیادہ کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں، انہیں بھی اسٹائل میں بہتری لانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ فواد عالم کا فٹنس ٹیسٹ لیا گیا اور جب بھی ان کی ضرورت ہوئی انہیں موقع دیا جائے گا، تاہم فوری پر فواد کی پاکستانی ٹیم میں واپسی کے امکانات کو مسترد کردیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اکیڈمی کے باب وولمر انڈور اسکول میں فخر زمان کو بھی بتایا گیا کہ وہ کس طرح اندر آنے والی گیندوں کو کھیلیں، واضح رہے کہ اوول میچ کے ہیرو سری لنکا کے خلاف 5 ون ڈے اور3 ٹی ٹوئنٹی میچز میں بری طرح ناکام رہے تھے۔انہیں دی گئی ٹپس کی مدد سے اپنی بیٹنگ میں وہ کس قدر بہتری لائے ہیں اس کا اندازہ آج سے راولپنڈی میں شروع ہونے والے قومی ٹی ٹوئنٹی کے دوران ہو جائے گا۔

حصہ