قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کا آج سے آغاز‘ فیصل آباداورکراچی وائٹس مدمقابل ہوں گے

31

اسلام آباد (جسارت نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام قومی ٹی 20 کرکٹ کپ آج سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا، ٹورنامنٹ 26 نومبر تک جاری رہے گا۔ ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے 8 ٹیمیں حصہ لیں گی جس میں کراچی وائٹس، فیصل آباد، لاہور وائٹس، لاہور بلو، پشاور، فاٹا، راولپنڈی اور اسلام آباد کی ٹیمیں شامل ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام قومی ٹی 20 کرکٹ کپ کے افتتاحی روزآج راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں2 میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ فیصل آباد اور کراچی وائٹس کی ٹیموں کے درمیان میچ دن 12 بجے کھیلا جائے گا جبکہ دوسرے میچ میں لاہور بلوکا مقابلہ لاہور وائٹس سے ہوگا۔ ٹورنامنٹ 26 نومبر تک جاری رہے گا۔ ٹورنامنٹ میں شریک ہر ٹیم7 میچز کھیلے گی اور4 ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کیلیے کوالیفائی کریں گی۔ روزانہ 2 میچ کھیلے جائیں گے، پہلا میچ دن 12 بجے جبکہ دوسرا میچ شام 4 بجے کھیلا جائے گا۔ اول آنے والی ٹیم کے لیے 20 لاکھ روپے، دوئم آنے والی ٹیم کے لیے10 لاکھ روپے، مین آف دی میچ (فائنل )، ٹورنامنٹ کا بہترین بیٹسمین، بولر اور آل راؤنڈر، ہر میچ میں ’مین آف دی میچ‘ کیلیے 25، 25 ہزار روپے کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔دوسری طرف عماد وسیم گھٹنے کی تکلیف کے باعث آج سے شروع ہونے والے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں شرکت سے محروم رہیں گے۔ عماد وسیم گھٹنے کی انجری کا شکار ہوگئے ہیں، حال ہی میں پاکستان سپر لیگ تھری کیلیے کراچی کنگز کے کپتان مقرر ہونے والے آل راؤنڈر کو ڈاکٹرز نے ایک ماہ تک آرام کا مشورہ دیتے ہوئے کسی بھی قسم کی لاپرواہی برتنے سے منع کیا ہے، جس کے باعث عماد وسیم اب قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے میچز باہر بیٹھ کردیکھیں گے، آل راؤنڈر 30ون ڈے اور 25 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔اس کے علاوہ قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر عثمان شنواری بھی کمر کی انجری کا شکار ہیں اور انھیں بھی مکمل طور پر فٹ ہونے میں6 ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے۔یاد رہے کہ چند روز قبل پی سی بی نے میڈیکل کلیئرنس ملنے تک جن 4کرکٹرز کو کھیلنے سے روک دیا تھا، ان میں بابر اعظم اور رومان رئیس کے ساتھ عماد وسیم اور عثمان شنواری بھی شامل تھے جب کہ دیگر 8 کھلاڑیوں کو بھی انجریز سے محفوظ رکھنے کیلیے ہفتے سے شروع ہونے والے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ سے قبل آرام کرنے کی ہدایت دی گئی تھی،ان میں کپتان سرفراز احمد، حسن علی، محمد عامر، شاداب خان، شعیب ملک، فہیم اشرف، محمد حفیظ اور فخر زمان شامل تھے۔

حصہ