لاہور پریس کلب کے زیر اہتمام 3روزہ کتاب میلہ کا افتتاح

34
لاہور پریس کلب میں منعقدہ کتب میلے شریک افراد کتابیں خرید رہے ہیں
لاہور پریس کلب میں منعقدہ کتب میلے شریک افراد کتابیں خرید رہے ہیں

لاہور (نیوزرپورٹر)لاہور پریس کلب کے زیر اہتمام پریس کلب میں دوسرے 3روزہ ’’کتاب میلہ‘‘کا افتتاح پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین، وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی رانا محمد ارشد، بیریاٹرک سرجن ڈاکٹر معاذ الحسن اور صدر پریس کلب محمد شہباز میاں نے کیا۔ 3روزہ کتاب میلہ کے پہلے روز صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب میں سیکرٹری عبدالمجید ساجد نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ امسال یہ دوسرا کتاب میلہ سجایا گیاہے اور پریس کلب نے صحافیوں اور انکے بچوں میں کتاب پڑھنے کا رجحان پیدا کرنے کیلیے یہ اقدام اٹھایا ہے، انہوں نے کہا کہ یہاں 50 فیصد تک رعایتی نرخوں پر کتابیں دستیاب ہیں۔ صدر پریس کلب محمد شہباز میاں نے کہا کہ پریس کلب میں ادبی سرگرمیوں کا فروغ ہمارے منشور کا حصہ ہے، موجودہ گورننگ باڈی پریس کلب کو صحافیوں کی ادبی سرگرمیوں کا مرکز بنا نے میں کامیاب ہوئی ہے اور ایسی ادبی سرگرمیاں جاری رہیں گی، انہوں نے کہا کہ ایک صحافی کیلیے ہر طرح کا علم ضروری ہے جو کہ کتاب کے مطالعہ بغیر حاصل نہیں ہو سکتا۔ وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر ظفر معین نے کہا کہ آج انٹرنیٹ کے دور میں بھرپور کتب میلہ کا انعقاد خوش آئند ہے اور پریس کلب اس پر مبارکباد کا مستحق ہے، انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں کتاب پڑھنے کا رجحان پیدا کرنا ضروری ہے ، اس مقصد کے حصول کیلیے پنجاب یونیورسٹی کے طالبعلم بھی کتاب میلہ سے استفادہ کریں گے ۔

حصہ