ظفر حجازی کیس‘ عدالت نے بریت کی درخواست مسترد کردی‘ٹرائل شروع کرنے کا حکم

58

اسلام آباد ( آن لائن )اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے ریکارڈ ٹیمپرنگ کیس میں ایس ای سی پی کے سابق چیئرمین ظفر حجازی کی بریت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ٹرائل شروع کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ سابق چیئرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی خصوصی عدالت کی جج ارم نیازی کے روبرو پیش ہوئے اورچودھری شوگر ملزکے ریکارڈ ٹیمپرنگ کیس میں بریت کے لیے درخواست دی تھی ،تاہم عدالت نے مذکورہ درخواست مسترد کرتے ہوئے خارج کردی اور بعد ازاں ظفر حجازی کے خلاف دائر ریکارڈ ٹیمپرنگ کیس میں ٹرائل شروع کرنے کا حکم جاری کیا۔27 اکتوبر کو مذکورہ کیس کی سماعت کے دوران فیڈرل انویسٹی گیشن (ایف آئی اے) کی خصوصی عدالت نے ایس ای سی پی کے سابق چیئرمین ظفر حجازی کو شریف خاندان کی چودھری شوگر مل کے ریکارڈ سے متعلق ٹیمپرنگ کیس میں فرد جرم عاید کی تھی۔پاناما پیپرز کیس کے سلسلے میں شریف خاندان کے مالی معاملات کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے الزام عایدکیا تھا کہ سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے چیئرمین ظفر الحق حجازی چودھری شوگر ملز کے ریکارڈ میں ہیر پھیر میں ملوث تھے۔ عدالت عظمیٰ نے ظفر حجازی پر لگائے جانے والے الزامات کی تحقیقات کرنے اور رپورٹ جمع کرانے کے لیے ایف آئی اے کو ہدایات جاری کی تھیں۔

حصہ