شہری اپنی پسند کے پتے پرو ووٹ ڈال سکیں گے‘ الیکشن کمیشن نے نئے نظام پر عمل درآمد شروع کردیا

114

دفعہ25کے تحت شہری اپنا شناختی کارڈ بنواتے وقت مستقل یا عارضی پتے پر ووٹ کا اندراج اپنی مرضی سے کرا سکتے ہیں، نادرا یہ کوائف الیکشن کمیشن کو فراہم کرے گا

ایسی انتخابی فہرستیں بنائی جائیں کوئی شفافیت پر انگلی نہ اٹھاسکے، عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے،چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کا نادرا میں سہولت سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب

اسلام آباد (نمائندہ جسارت+خبر ایجنسیاں)ملک میں ووٹرز کی پسند کے مطابق اندراج کی قانونی دفعہ 25پر عمل درآمد شروع ہوگیا، چیف الیکشن کمشنر نے ووٹ درج کرانے کے نئے نظام کا باقاعدہ افتتاع کردیا،شہریوں کو شناختی کارڈ بنواتے وقت مستقل یا عارضی پتے پر ووٹ کے اندراج کے انتخاب کا اختیار مل گیا۔ اب نادرا ان افراد کے کوائف الیکشن کمیشن کو مہیا کرے گا تاکہ ان کے ووٹ کا اندراج منتخب کردہ پتے پر کیا جاسکے۔اس سلسلے میں جمعہ کو اسلام آباد میں نادرا دفتر میں سہولت سینٹر کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی ۔ مہمانِ خصوصی چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر)سردار محمد رضا تھے۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن، چیئرمین نادرا،اور دونوں اداروں کے اعلیٰ احکام بھی موجودتھے ۔ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا نے اپنے خطاب میں کہا کہ10نومبر الیکشن کمیشن کے لیے ایک تاریخی دن ہے اب لوگوں کی سہولت کے پیش نظر شناختی کارڈ بنواتے وقت ان کی رائے لی جائے گی تاکہ وہ اپنا ووٹ شناختی کارڈ کے مستقل یا عارضی پتے پر درج کراسکیں۔ انہوں نے نادرا کی جانب سے فراہم کی جانے والی معاونت کی تعریف کی۔ چیف الیکشن کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ شناختی کارڈ بنواتے وقت نادرا سینٹر کے عملے سے تعاون کریں اور اپنا درست پتا فراہم کریں تاکہ ان کا ووٹ ان کی خواہش کے مطابق متعلقہ انتخابی فہرست میں درج کیا جاسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، انتخابات کے لیے ایسی شفاف انتخابی فہرستیں تیار کرنا چاہتے ہیں تاکہ کوئی سیاسی جماعت یا امیدوار اس کی شفافیت پر انگلی نہ اٹھا سکے۔خطاب کے بعد انہوں نے ووٹ درج کرانے کے نئے نظام کا باقاعدہ افتتاع کیا۔

حصہ