روہنگیا مہاجرین کی مدد‘استنبول میں معاون تنظیموں کا اجلاس

50

لاہور(نمائندہ جسارت) الخدمت فاؤنڈیشن، معاون سماجی تنظیموں ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی ترکی(AFAD) اور یونین آف این جی اوز ان دی مسلم ورلڈ(UNIW) کے زیرِ اہتمام روہنگیا مسلمانوں کو درپیش مسائل اور ان کے ممکنہ حل کے لیے ترکی کے شہر استنبول میں مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس اجلاس میں دنیا بھر میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی25 رفاہی تنظیموں کے سربراہان نے شرکت کی جبکہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر محمد عبدالشکور نے پاکستان کی نمائندگی کی۔ اجلاس کا مقصد روہنگیا مہاجرین کی حالیہ صورتحال کا جائزہ لینا اور ان کی ضروریات کے پیشِ نظر امدادی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کرنے کے ساتھ میانمار، بنگلا دیش، پاکستان سمیت دیگر ممالک کی توجہ اس طرف مبذول کرانا تھا کہ وہ اس انسانی مسئلے کو سمجھتے ہوئے سفارتی محاذ پر اپنا کردار ادا کریں اور مہاجرین کو فوری امداد مہیا کی جائے۔ اس کے ساتھ عالمی رفاہی اداروں اور امدادی سامان کی متاثرہ علاقوں تک رسائی کو بھی ممکن بنایا جائے۔ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا کہ اس اہم اور نازک مسئلے کو نوجوان نسل میں شعور اجاگر کرنے کے لیے تعلیمی ادارے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ مزید یہ کہ اس اجلاس میں شریک تنظیمیں روہنگیا مہاجرین کے لیے متحرک بنگلا دیش کی رفاہی تنظیموں کے ساتھ بھی تعلقات کو فروغ دیں تاکہ ان کے تعاون سے ریلیف سرگرمیوں کو زیادہ موثر طریقے سے سرانجام دیا جاسکے۔ اس موقع پر7 رفاہی تنظیموں کی ایک کمیٹی کا قیام بھی عمل میں لایا گیا جو کہ مل کر اس ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی کرے گی۔ عبدالشکور نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن معاون رفاہی تنظیموں کے ساتھ مل کر مظلوم روہنگیا مہاجرین کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن اب تک 20 ہزار افراد میں تیار کھانا،7 ہزار خشک راشن پیک اور کپڑے،1000 بچوں میں تحائف،500 شیلٹر ہومز، 30 میڈیکل کیمپس،50 ہینڈ پمپس،300 ٹوائلٹس اور10 ٹینٹ اسکول قائم کرچکی ہے۔ اس طرح اب تک 5 کروڑ 20 لاکھ روپے سے زائد کی خطیر رقم امدادی سرگرمیوں پر خرچ کی جاچکی ہے جس سے مجموعی طور پر76000 افراد مستفید ہوئے ہیں جبکہ یہ سلسلہ مہاجرین کی مکمل بحالی تک جاری ہے۔

حصہ