اسٹیفن ہاکنگ کا مقالہ آن لائن ہوتے ہی کیمبرج یونیورسٹی کی سائٹ کریش

89

عالمی شہرت یافتہ سائنسدان پروفیسر اسٹیفن ہاکنِگ کے پی ایچ ڈی تھیسِس کی آن لائن اشاعت کے کچھ ہی دیر بعد اس کی مقبولیت کی وجہ سے کیمبرج یونیورسٹی کی ویب سائٹ کریش کر گئی۔ تھیسس کی اشاعت کے کچھ ہی گھنٹوں کے اندر 60 ہزار سے زیادہ لوگوں نے اس سائٹ کا رُخ کیا جس کے نتیجے میں ویب سائٹ کریش کر گئی۔
75 سالہ اسٹیفن ہاکنگ کا تھیسِس ’’پراپرٹیز آف دی ایکسپینڈِنگ یونیورس‘‘ یعنی ‘’’پھیلتی ہوئی کائنات کی خصوصیات‘‘ انہوں نے 1966ء میں کیمبرج یونیورسٹی کے فِزکس کے شعبے میں اپنی پی ایچ ڈی کے لیے مکمل کیا تھا۔
کیمبرج یونیورسٹی لائبریری کے مطابق ان کے پاس آنے والی درخواستوں میں اسی تھیسِس تک رسائی کی درخواست ہی سرِ فہرست ہیں۔



اس کی مانگ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پچھلے تقریباً ڈیڑھ سال میں اس تھِیسسکے لیے لائبریری کو 199 درخواستیں ملی ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر جس اشاعت کی دخواستیں ہوئیں وہ صرف 13 تھیں۔
اسٹیفن ہاکنگ کے تھیسس تک رسائی کی بیشتر درخواستیں محققین کی جانب سے نہیں بلکہ عوام کی طرف سے تھیں۔ اس 134 صفحات پر مشتمل تحقیق کی یونیورسٹی لائبریری کی سائٹ پر آن لائن اشاعت 22 اکتوبر کی صبح کی گئی اور اب اس تک رسائی مفت ہے جبکہ لائبریری میں جا کر اس کو نکلوانے یا اسکین کرنے کے لیے 65 پاؤنڈ کی رقم درکار تھی۔
عوامی ردعمل اور دلچسپی پر پروفیسر ہاکنگ نے کہا وہ چاہتے ہیں کہ اس سے لوگوں میں سائنس اور تحقیق کا جذبہ بڑھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘یہ بہت ہی اچھی خبر ہے کہ اتنے لوگوں نے میری تھیسِس کو ڈاؤن لوڈ کرنا چاہا ہے۔ اب بس میری خواہش ہے کہ ان کو مایوسی نہ ہو اسے پڑھ کر۔



کیمبرج یونیورسٹی کی پروفیسر لورین کیڈوالیڈر نے بتایا کہ انہوں نے جب پروفیسر ہاکنگ کے سامنے اس تھیسس کو عام کرنے کی تجویز رکھی تھی تو وہ فورً اس پر راضی ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر ہاکنِگ نے ایک بڑی اچھی مثال قائم کی ہے اور ان کو توقع ہے کہ دوسرے پروفیسر اور محققین بھی اسی طرح سے اپنا کام ویب پر شائع کریں گے تاکہ ہر شخص کو ان کی تحقیق تک رسائی ہو۔

حصہ