زرداری کواحتساب عدالت سے بری اور نواز شریف کو پھنسا دیا گیا‘ سعد رفیق

23
راولپنڈی : وفاقی وزیرخواجہ سعد رفیق عوام ایکسپریس کی نئی کوچز کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں
راولپنڈی : وفاقی وزیرخواجہ سعد رفیق عوام ایکسپریس کی نئی کوچز کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

لاہور (نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ آصف زرداری کو احتساب عدالت سے بری اور نوازشریف کو پھنسا دیا گیا‘ وزیراعظم کو بغیر کسی وجہ کے تذلیل کر کے نکالیں گے تو سیاسی نظام کی چولیں ہلیں گی‘ شیخ رشید سیاسی جوکر ہے‘ سنجیدگی سے نہیں لیتا‘ فوجی افسران اور سیاستدانوں کی حب الوطنی پرشک نہیں کرنا چاہیے‘ نجکاری کیے بغیر ریلوے کو ٹھیک کیا‘ آمدنی 10گنا بڑھ گئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے اسٹیشن پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے منتخب وزیراعظم کو نااہل قرار دینے سے سیاسی عدم استحکام ہوتا ہے اور سرمایہ کار ڈر جاتاہے‘ قیامت کے آثار ہیں کہ زرداری احتساب عدالت سے بری ہو جاتا ہے اور نواز شریف پھنس جاتا ہے‘جنرل احسان اور’’ را‘‘ چیف کی ملاقات سے پاکستانیت کوکوئی فرق نہیں پڑا‘ اگر کوئی سیاستدان یہ کام کرے تو اس پر الزام لگائے جاتے ہیں‘ جنرل احسان12اکتوبر کی بغاوت کے آرکیٹیکٹ تھے۔



انہوں نے کہا کہعوام ایکسپریس کی اپ گریڈیشن ریلوے نے اپنے ریونیو سے کی جس پر10 کروڑ روپے لاگت آئی‘ 2013ء میں ریلوے کا ریونیو 18 ارب تھا اس سال 40 ارب روپے ریلوے نے کمائے جو سمجھتے ہیں کہ نجکاری مسائل کا حل ہے وہ آکر ریلوے دیکھ لیں‘ ہم نے نجکاری کیے بغیر اپنے وسائل سے ریلوے کو ٹھیک کیا ہے‘ ریلوے کی اراضی واگزار کرائی‘ بعض قابض عدالتی حکم امتناع کے پیچھے چھپے ہوئے ہیں‘ وزیر اعظم کو ایک ایسی تنخواہ پر نکال دیا جاتا ہے جو انہوں نے لی ہی نہیں لیکن یہاں رائل پام کلب پر قبضہ کیا ہوا ہے ان سے کوئی پوچھتا ہی نہیں۔

Print Friendly
حصہ