دفاع پاکستان کونسل کا الیکشن2018ء میں حصہ لینے کا فیصلہ

30
لاہور: این جی اوسنگت کی عہدہ دار خواتین کا وفد منصورہ میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے ملاقات کررہا ہے‘ ڈاکٹر فرید پراچہ اور امیر العظیم بھی موجود ہیں
لاہور: این جی اوسنگت کی عہدہ دار خواتین کا وفد منصورہ میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے ملاقات کررہا ہے‘ ڈاکٹر فرید پراچہ اور امیر العظیم بھی موجود ہیں

اسلام آباد ( آن لائن )دفاع پاکستان کونسل نے الیکشن2018ء میں بھرپور حصہ لینے کا اصولی فیصلہ کیا ہے ، چیئرمین دفاع پاکستان کونسل مولانا سمیع الحق کو دیگر دینی و سیاسی جماعتوں کے سربراہان سے رابطے کر کے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کا اختیار دے دیا گیا جبکہ حکومت سے انتخابی بل 2017ء میں ختم نبوت کے حلف نامے میں تبدیلی کی اعلیٰ سطحی تحقیقات اور ملوث افراد کیخلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ بدھ کو جامع مسجد قبا میں مولانا سمیع الحق کی زیر قیادت دفاع پاکستان کونسل کا اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں حافظ عبدالرحمن مکی، لیاقت بلوچ، محمد علی درانی، حافظ عبدالغفار روپڑی و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دفاع پاکستان کونسل 2018ء کے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے جلد وسیع تر اتحاد قائم کرے گی۔ ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن مسترد کرنا قابل مذمت ہے جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا ہے۔ یہ عمل جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہے۔



اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ قادیانیوں کی مسلمانوں کی صفوں میں گھسنے کی سازشیں قوم کامیاب نہیں ہونے دے گی۔غیر ملکی این جی اوز پاکستان میں ناموس رسالت ﷺاور عقیدہ ختم نبوت سے متعلق قوانین ختم کروانے کے لیے کروڑوں ڈالر خرچ کر رہی ہیں۔ اسلام و ملک دشمن این جی اوز پر پابندی لگائی جائے اور انہیں ملک سے باہر نکالا جائے۔ ختم نبوت کے حلف نامے میں تبدیلی کے حوالے سے تحقیقات ہونی چاہیے۔ وزیر قانون زاہد حامد کو برطرف کیا جائے اور ملوث عناصر کی نشاندہی کر کے انہیں قوم کے سامنے بے نقاب کرتے ہوئے شرعی قانون کے تحت سزائیں دی جائیں۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ بھارت و امریکا سی پیک کو نقصان پہنچانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ دشمن کی سازشیں ناکام بنانے کے لیے پاکستان چین، سعودی عرب اور دیگر ملکوں کے ساتھ مل کربھرپور کردارا دا کرے۔ فاٹا اصلاحات کو فی الفور نافذ کیا جائے۔ حافظ محمد سعید و دیگر رہنماؤں کی بلاجواز نظربندی فی الفور ختم کی جائے اور سپریم کمانڈر حزب المجاہدین سید صلاح الدین پر امریکی پابندیوں کو مسترد کیا جائے۔

Print Friendly
حصہ