میکسیکو کی جیل میں ہنگامہ آرائی،28 قیدی ہلاک

42

میکسیکو کی ایک جیل میں حریف گروپوں کے درمیان لڑائی میں کم از کم 28 قیدی ہلاک ہو گئے ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے نے میکسیکو کے حکام کے حوالے سے بتایا کہ علی الصبح ہونے والی یہ لڑائی جنوب مغربی میکسیکو کے شہر اکاپلکو کی لاس کروسس میں انتہائی سکیورٹی والی جیل میں دو گروپوں کے درمیان ہوئی۔قیدیوں نے ایک دوسرے کو چاقو اور ڈنڈوں سے مارا اور بعض قیدیوں کے سر کاٹ ڈالے۔ گورنر نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔اکاپلکو ریاست گریرو کا سب سے بڑا شہر ہےاور اسے میکسیکو کے سب سے پرتشدد علاقوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ یہاں منشیات کی پیداوار اور اسمگلنگ کا کاروبار زوروں پر ہے۔

سیکیورٹی ترجمان نے بتایا کہ جیل کے اندر مختلف جگہوں سے لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جن میں باورچی خانہ بھی شامل ہے۔ترجمان نے کہا کہ یہ واقعہ جیل کے اندر دو حریف گروپوں کے درمیان پرانی دشمنی کے باعث پیش آیا۔وفاقی پولیس اور فوج نے لاس کروسس جیل کو محاصرے میں لے لیا ہے، اس جیل میں دو ہزار قیدی بند ہیں جو گنجائش سے کہیں زیادہ ہیں۔

اکاپلکو ایک زمانے میں میکسیکو کا مقبول سیاحتی مقام ہوا کرتا تھا، لیکن تشدد اور منشیات کے دھندے نے اسے میکسیکو کے خطرناک ترین علاقوں میں سے ایک بنا دیا ہے۔میکسیکو میں پرتشدد واقعات عام ہیں۔ اس سال صرف مئی کے مہینے میں 2186 لوگ تشدد کے واقعات میں قتل ہوئے۔