شکیب الحسن بنگلہ دیشی ٹی 20 ٹیم کے کپتان مقرر

53

مشرفی مرتضیٰ کی ریٹائرمنٹ کے بعد شکیب الحسن بنگلہ دیشی ٹی 20 ٹیم کے کپتان مقرر کردیے گئے۔

سٹار آل راؤنڈر شکیب الحسن دوسری مرتبہ بنگلہ دیشی ٹی 20 کرکٹ ٹیم کے کپتان مقرر ہو گئے، انہیں مشرفی مرتضیٰ کی جگہ یہ ذمہ داری دی گئی ہے، مشرفی نے گزشتہ ماہ دورہ سری لنکا کے دوران ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

اس بات کا فیصلہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے رواں سال پہلے بورڈ اجلاس میں کیا گیا۔ شکیب الحسن اس سے قبل 2009ء سے 2010ء کے دوران بنگلہ دیشی ٹی 20 ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں، ان کی کپتانی مایوس کن رہی تھی، بنگال ٹائیگرز نے ان کی زیر قیادت چار میچز کھیلے تھے اور تمام میں اسے شکستوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

بی سی بی کے صدر نظم الحسن نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم نے ٹی 20 ٹیم کی قیادت کیلئے کئی دوسرے ناموں پر بھی غور کیا لیکن ٹی 20 میں نمایاں کارکردگی کے اعتراف میں شکیب کو دوبارہ یہ ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ کیا گیا۔