پاکستانی نیوی بحری سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتی ہے،ایڈمرل ذکاءاللہ

93

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاءاللہ نے پاکستان نیوی فلیٹ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور کار کردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نیوی ملک کی بحری سرحدوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں موثر انداز میں ادا کرتی رہے گی ‘ جدید جنگی اسلحے کے حصول کے ساتھ ساتھ ہمیں اس بات کا بھی ادراک ہونا چاہیے کہ تربیت اور انتھک محنت کے ذریعے ہی ہم دشمن پر سبقت حاصل کرسکتے ہیں۔

پاک بحریہ کے سربراہ بدھ کو پی این ڈاک یارڈ میں پاک بحریہ کی سالانہ فلیٹ ایفیشنسی کمپٹیشن پریڈ اور ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق چیف آف نیول اسٹاف نے کہا کہ ایک موثر اور مضبوط بحریہ پاکستان کے بحری مفادات کے تحفظ کے لیے نہایت اہم ہے۔

انہوں نے پاکستان نیوی فلیٹ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیوی فلیٹ نے گذشتہ برس بہت سی بحری مشقوں اور لائیو ویپن فائرنگ میں حصہ لیا ۔ ان آپریشنز میں فلیٹ کی بھر پور شمولیت آپریشنل پلانز مٹیریل اسٹیٹ کو بہتر بنانے اور حربی استعداد بڑھانے میں مددگار ثابت ہوئی ہے۔

ایڈمرل محمد ذکاءاللہ کا کہنا تھا کہ مختلف میزائلوں کے کامیاب تجربات اور دشمن کی آبدوز کی ہمارے علاقے میں دراندازی کی کوشش کا موثر سد باب نیول فلیٹ کی اعلی پیشہ وارانہ کارکردگی اور مہارت کا آئینہ دار ہے۔

نیول چیف نے مزید کہا کہ ہنگور کلاس آبدوزوں کا حصول پاک بحریہ کی استعدادکار میں کلیدی اضافہ ثابت ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ جدید جنگی جہازوں کے حصول کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے اس با ت پر زور دیا کہ جدید جنگی اسلحے کے حصول کے ساتھ ساتھ ہمیں اس بات کا بھی ادراک ہونا چاہیے کہ تربیت اور انتھک محنت کے ذریعے ہی ہم دشمن پر سبقت حاصل کرسکتے ہیں۔

قبل ازیں کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمر ل عارف اللہ حسینی نے سال 2016کے دوران پاکستان نیوی فلیٹ کی آپریشنل سرگرمیوں اورکامیابیوں کا ایک مختصر جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اہم بحری مشقوں کے انعقاد اور دیگر آپریشنل سرگرمیوں کے علاوہ فلیٹ یونٹس نے متعدد کثیر القومی اور دو طرفہ مشقوں اور آپریشنل تعیناتیوں میں بھی حصہ لیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سمندر سے سمندر میں بحری جہاز کو نشانہ بنانے والے میزائل کا کامیاب تجربہ پاکستان نیوی فلیٹ کی آپریشنل تیاریوں کی ایک اور اہم دلیل ہے۔

chief-of-the-naval-staff-admiral-muhammad-zakaullah-inspecting-guard-of-honour-during-pakistan-navy-fleet-annual-efficiency-competition-parade-and-award-ceremony-held-at-pn-dockyard-2

بعد ازاں مہمان خصوصی نے سال 2016ءکے دوران بہترین قرار دیے جانے والے یونٹس میں انعامات تقسیم کئے ۔ پی این ایس ٹیپو سلطان، پی این ایس اصلت، پی این ایس نصر، پی این ایس مدد گار، پی این ایس محافظ، پی این ایس عظمت، پی این ایس ضرار، پی این سب میرین خالد، 333ایوی ایشن اسکواڈرن، , سروے اینڈ ری بِیلڈ ڈیپو گروپ اور سروے جہاز بحر پیما نے اپنے اپنے متعلقہ اسکواڈرنز میں ایفیشنسی شیلڈز حاصل کیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ