گابا ٹیسٹ،پاکستان پر فالوآن کے خدشات منڈلانے لگے

122

سٹیون سمتھ اور پیٹرہینڈز کومب کی شاندار سنچریوں کے بعد آسٹریلوی فاسٹ باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت پاکستانی ٹیم میزبان ٹیم کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں مشکلات سے دوچار ہے اور اس کے سر پر فالو آن کا خطرہ منڈلا رہا ہے، پاکستان نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 97 رنز بنا لئے اور اسے فالو آن سے بچنے کیلئے 133 رنزدرکار ہیں۔

 جمعہ کو برسبین میں جاری ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز آسٹریلوی ٹیم نے 288 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو کپتان سمتھ 110 اور ہینڈزکومب 64 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں کھلاڑیوں نے محتاط انداز سے دن کا آغاز کیا، 323 کے مجموعی سکور پر وہاب ریاض نے سمتھ کو آؤٹ کر کے نہ صرف اہم پارٹنرشپ کا خاتمہ کیا بلکہ ٹیم کو بڑی کامیابی بھی دلائی، سمتھ 130 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد اگلے چار کھلاڑی زیادہ دیر تک عامر اور وہاب کی تندو تیز باؤلنگ کے سامنے نہ ٹھہر سکے، نک میڈنسن ایک، میتھیوویڈ 7، مچل سٹارک 10 اور جوش ہیزلووڈ 8 رنز بنا کر چلتے بنے، 380 کے سکور پر آسٹریلیا کی نویں وکٹ گری جب ہینڈز کومب 105 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد وہاب ریاض کی گیند پر بولڈ ہوئے، 429 کے سکور پر آسٹریلیا کی آخری وکٹ گری جب نیتھن لیون 29 رنز بنا کر یاسرشاہ کی گیند کا نشانہ بنے، جیکسن برڈ نے 19 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض اور محمدعامر نے 4، 4 جبکہ یاسرشاہ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں پاکستانی ٹیم پہلی اننگز کیلئے جب میدان میں اتری تو اس کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور کوئی بھی بلے باز سٹارک، ہیزلووڈ اور برڈ کی تیز اور گھومتی ہوئی گیندوں کے سامنے جم کر نہ کھیل سکا، اسطرح دوسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو گرین شرٹس نے پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 97 رنز بنا لئے تھے، پاکستان کو فالو آن سے بچنے کیلئے 133 رنز جبکہ کینگروز کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 332 رنز درکار ہیں، سرفراز احمد 31 اور محمدعامر 8 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ سمیع اسلم 22، اظہرعلی 5، بابراعظم 19، یونس خان صفر، کپتان مصباح الحق 4 ، اسدشفیق 2، وہاب ریاض اور یاسرشاہ ایک، ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سےسٹارک اور ہیزلووڈ نے 3، 3 جبکہ برڈ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ