جنید جمشید کی نماز جنازہ ادا،ہزاروں افراد کی شرکت

120

پی آئی اے طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے معروف مبلغ و نعت خواں جنید جمشید کی نماز جنازہ کراچی  میں ادا کردی گئی۔نماز جنازہ میں اعلیٰ عسکری و سیاسی قیادت سمیت ہزاروں کی تعداد میں افراد نے شرکت کی۔نمازجنازہ کی ادائیگی کے بعد میت دارالعلوم کورنگی کی جانب جلوس کی صورت میں منتقل کی جارہی ہے جہاں تدفین کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

تبلیغی جماعت کے مرکزی رہنماء اور جنید جمشید کو دین اسلام کی تبلیغ کی جانب لانے والے معروف مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل نے نماز جنازہ کی امامت کی۔

نماز جنازہ میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان، پیپلزپارٹی کی مقامی قیادت، قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق، کرکٹر محمد حفیظ،سابق کرکٹر محمد یوسف،جید علماء کرام،معروف مذہبی و سماجی شخصیات ،شوبز سے تعلق رکھنے والے افرادسمیت ہر شعبہ زندگی کے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

نماز جنازہ سے قبل معروف مبلغ مولانا طارق جمیل نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ اللہ کی امانت اللہ کے سپرد کرنے آئے ہیں،ایسے جنازے بادشاہوں کے بھی نہیں ہوتے، خوش نصیب ہوتے ہیں جن کے ایسے جنازے ہوتے ہیں۔

نماز ظہر سے قبل ہی شہریوں کی بڑی تعداد نے اے کے گراؤنڈ کا رخ کرنا شروع کردیا تھاجہاں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موجود تھی، گراؤنڈ کے اندر پاکستان رینجرز سندھ کی جانب سے سیکیورٹی انتظامات کیے گئے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل چترال سے اسلام آباد جانے والی پی آئی اے کی پرواز ایبٹ آباد میں حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہوگئی جس سے معروف نعت خواں جنید جمشید، ان کی اہلیہ، ڈپٹی کمشنر چترال، ان کی اہلیہ، بیٹی اور3 غیرملکیوں سمیت 47 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ