سری لنکن ٹیم کو ٹیسٹ میں شکست دیکر سیریز کا آغاز کرینگے، آملہ

99

جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپننگ بلے باز ہاشم آملہ نے کہا ہے کہ سری لنکن ٹیم کو پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست دیکر سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کرینگے۔

جنوبی افریقہ اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشمتل سیریز کا پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر سے پورٹ الزبتھ میں شروع ہوگا۔ ہاشم آملہ نے کہا کہ کینگروز کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کے باوجود آئی لینڈرزکو آسان نہیں لیں گے، انہوں نے کہا کے ٹیم کو ہوم گراؤنڈ کا فائدہ ضرور ہوگا اس کے باوجود آئی لینڈرز کے خلاف پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکن ٹیم کے خلاف کامیابی حاصل کرنے کیلئے مربوط اور جامع حکمت عملی تیاری کر رکھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم متوازن ہے تاہم جیت کیلئے کھیل کے تمام شعبوں میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ سری لنکن ٹیم ان دنوں دورہ جنوبی افریقہ پر جہاں وہ تین ٹیسٹ، تین ٹی 20 اور پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 سے 30 دسمبر تک پورٹ الزبتھ، دوسرا ٹیسٹ 2 سے 6 جنوری تک کیپ ٹاؤن جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 12 سے 16 جنوری تک جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ 20 جنوری، دوسرا میچ 22 جنوری جبکہ تیسرا میچ 25 جنوری کو کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 28 جنوری، دوسرا میچ یکم فروری، تیسرا میچ 4 فروری، چوتھا میچ 7 فروری جبکہ پانچواں اور آخری میچ 10 فروری کو کھیلا جائے گا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ