بھارت، تامل ناڈو میں سمندری طوفان سے 10 افراد ہلاک

101

بھارت کی جنوبی ریاست تمل ناڈو میں سمندری طوفان’’وردھا ‘‘ کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ طوفان سے متاثرہ تقریبا 12 ہزار افراد کو کیمپ میں منتقل کر دیا گیا

ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے طوفان کی زد میں آنے والے لوگوں سے ہمدردی کا اظہار جبکہ تمل ناڈو کے وزیراعلی او پنیرسیلوم نے مرنے والوں کے لواحقین کو چار چار لاکھ معاوضے کا اعلان کیا ہے ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جنوبی ریاست تمل ناڈو میں سمندری طوفان’’وردھا ‘‘ کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی ڈائرکٹر ریکھا شیٹی نے 10 افراد کی موت کی تصدیق کی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ دارالحکومت چینئی میں منگل کی صبح سے بارش ہو رہی ہے تاہم وردہ نامی طوفان گزر چکا ہے لیکن احتیاط برتنے کی ضرورت ہے کیونکہ ابھی بھی تیز ہوائیں چل رہی ہیں اور بارش بھی ہو رہی ہے۔

تقریبا 100 ریلیف کیمپ نے کام کرنا شروع کر دیا ہے جبکہ اس طوفان سے متاثرہ تقریبا 12 ہزار افراد کو کیمپ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔کھانے کے 14 ہزار سے زیادہ پیکٹ روانہ کیے گئے ہیں۔این ڈی آر ایف اور صوبائی ٹیمیں مل کر امدادی کاموں میں مشغول ہیں۔بہت سے مکانات اور دوسری املاک کو نقصان پہنچا ہے جگہ جگہ درخت گرے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

وزیراعظم نریندر مودی نے کئی ٹویٹ کے ذریعے طوفان کی زد میں آنے والے لوگوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے جبکہ تمل ناڈو کے وزیراعلی او پنیرسیلوم نے مرنے والوں کے لواحقین کو چار چار لاکھ معاوضے کا اعلان کیا ہے۔چینئی سے نیلور تک تقریبا 90 کلومیٹر کے وسیع علاقے میں وردہ طوفان کے اثرات نظر آئے۔اس طوفان کا نام عربی زبان سے لیا گیا ہے اور ‘وردہ’ رکھا گیا ہے جس کا مطلب گلاب کا پھول ہوتا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ