خواجہ سعد رفیق کی جنید جمشید کی رہائش گاہ آمد، اہل خانہ سے تعزیت

99

وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ جنید جمشید ایک سچے پاکستانی اور دین کی خدمت کرنے والے انسان تھے، ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پر نہیں ہو سکتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں معروف نعت خواں جنید جمشید کی رہائش گاہ پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے طیارہ حادثے میں جنید جمشید سمیت دیگر شہید ہونے والے افراد کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی اور جنید جمشید کی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جنید جمشید سے ہمارے خاندان کا قریبی تعلق تھا، میرے بھائی خواجہ سلمان رفیق اور جنید جمشید نے ایک ساتھ تعلیم حاصل کی تھی، جنید جمشید ایک سچے پاکستانی اور دین کی خدمت کرنے والے شخص تھے، انہوں نے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کیا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ طیارہ حادثہ کی تحقیقات جاری ہیں، تحقیقات کے بعد اصل وجوہات کا تعین کیا جائے گا۔ اس موقع پر جنید جمشید کے بھائی ہمایوں جمشید نے کہا کہ ڈی این اے کی رپورٹ آنے میں تین سے چار دن لگ سکتے ہیں، نماز جنازہ کی ادائیگی کے لئے کوئی وقت طے نہیں کیا گیا ہے، اس حوالے سے مفتیان کرام سے مشاورت جاری ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ