طیارہ حادثہ،میتیں اسلام آباد پہنچا دی گئیں

80

حویلیاں طیارہ حادثہ میں جاں بحق افراد کی میتیں ایبٹ آباد ایوب میڈیکل کمپلیکس سے آرمی کے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے اسلام آباد منتقل کردی گئی ہیں۔

گزشتہ روز حادثے کا شکار ہونے والے پی آئی اے کے بد قسمت طیارے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اپنے پیاروں کی میتیں وصول کرنے کے لئے اسلام آباد پہنچنا شروع ہو چکے ہیں۔ معروف نعت خواں جنید جمشید کے بھائی دیگر افراد کے ہمراہ پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے اسلام آباد پہنچے جہاں انہیں پی آئی اے حکام کی جانب سے تمام تر معلومات فراہم کی گئیں جب کہ لواحقین کے سفری اخراجات بھی پی آئی اے ہی برداشت کر رہا ہے۔

میتوں کو اسلام آباد لانے کے لیے آرمی کے 3ہیلی کاپٹرز ایبٹ آباد پہنچ چکے  جہاں اسپورٹس کمپلیکس میں ہیلی پیڈ بنایا گیا تھا۔ایوب میڈیکل سے میتوں کو ایمبولینسوں کے ذریعے اسپورٹس کمپلیکس لایا گیا  اور پھر ہیلی کاپٹرز کے ذریعے میتیں اسلام آباد روانہ کی گئیں۔

پمز اسپتال کے حکام کے مطابق ڈی این اے کے بعد میتیں لواحقین کے حوالے کی جائیں گی جب کہ اس حوالے سے اسپتال میں انفارمیشن ڈیسک بھی قائم کر دی گئی ہے۔ اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ لواحقین اپنے پیاروں کی میت کے حوالے سے ٹیلی فون نمبر 9260340-051 پر معلومات حاصل کریں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ