وزیراعظم نوازشریف سے برطانوی وزیرخارجہ بورس جانسن کی ملاقات

142

وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان برطانیہ کو بہترین دوست اور بااعتماد شرکت دار سمجھتا ہے ، پاکستان نے دنیا سے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے کردار ادا کیا ، انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے نیشنل ایکشن پلان شروع کیا گیا ۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن سے ملاقات میں کیا جنہوں نے آج وزیراعظم سے پرائم منسٹر ہاؤس میں ملاقات کی ۔ ملاقات کے موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ بورس جانسن کی قیادت میں برطانیہ اقوام عالم میں کلیدی کردار ادا کرے گا ، ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط معاشی روابط ہیں آئندہ برس برطانوی وزیراعظم ٹریزامے کے دورہ پاکستان سے یہ تعلقات مزید مستحکم ہو جائیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ باہمی مفاد پر مبنی پاکستان برطانیہ کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ برطانوی ادارہ برائے ترقی کے پاکستان میں کردار کو سراہتے ہیں۔

دہشتگردی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اب تک 60ہزار سے زائد جانیں قربان کی ہیں ، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے ، آپریشن ضرب عضب آخری مراحل میں ہے۔ محمد نواز شریف نے کہا کہ پاکستان نے دنیا سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کردار ادا کیا،  انتہاپسندوں اور دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری ہے ۔

برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن نے وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت کی تعریف کی انہوں نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کو خطے کا چیمپیئن بنانے کے لیے اسکی بھرپور حمایت جاری رکھے گا خطے کے امن استحکام اور خوشحالی کے لیے پاکستان کا مثالی کردار ہے انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ تاریخی اور مثالی خواب ہے جسکو حقیقت میں تبدیل کیا جا رہا ہے انہوں نے پاکستان میں معاشی استحکام کے لیے وزیر اعظم کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ وہ جی ایس پی پلس کا درجہ دینے کے لیے پاکستان کی حمایت جاری رکھیں گے۔

بورس جانسن نے موجودہ حکومت کے دور میں غیر ت کے نام پر قتل کے بل پر وزیر اعظم کی تعریف کی اور اسے بڑی کامیابی قرار دیا وزیر اعظم کے ویژن کی تعریف کرتے ہوئے برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ برطانیہ خطے میں امن اور مجموعی بہتری کے لیے ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات کے وزیر اعظم نواز شریف کے ویژن کو سراہتا ہے انہوں نے پاکستان میں امن و امان کی بہتر صورتحال بنانے پر حکومتی اقدامات کی تعریف کی انہوں نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے اور پاکستان میں بہترین کاروباری ماحول ہے۔

انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف کو یقین دلایا کہ وہ برطانوی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور اپنے کاروبار کو بڑھانے کے لیے قائل کریں گے برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ انکا پہلا دورہ پاکستان انکی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے پاکستان بیشک ایک حیران کن ملک ہے جہاں کی عوام پرجوش ہیں اور یہاں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں ۔


 

Print Friendly, PDF & Email
حصہ