سیکورٹی فورسز کی بدولت کراچی میں کاروباری سرگرمیاں بحال ہو چکی،آرمی چیف

121

پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے رینجرز اور پاک فوج کی موثر کارروائیوںکی بدولت کراچی اور اندرون سندھ میں سیکورٹی کی بہتر صورتحال کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز کی موثر کارروائیوں کی بدولت کراچی میں کاروباری سرگرمیاں اور معمولات زندگی بحال ہو چکی ہے۔

وہ بدھ کو الوداعی دوروںکے سلسلہ میں کراچی کور اور سندھ رینجرز کے دورہ کے موقع پر افسروں اور جوانوں سے خطاب کر رہے تھے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر عاصم سلیم باجوہ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ کراچی میں کاروباری سرگرمیاں بحال ہونے سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک دشمن کو دہشت گردی کے خاتمہ سے حاصل ہونے والے ثمرات واپس لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کراچی اور اندرون سندھ میں صوبائی حکومت اور دیگر سیکورٹی اداروں سے مل کر دیرپا امن کیلئے کوششیں جاری رکھے گی۔ انہوں نے بین الاقوامی سرحد پر سیکورٹی یقینی بنانے کیلئے خدمات سرانجام دینے والے افسروں اور جوانوں کی تعریف کی۔ انہوں نے قدرتی آفات اور بحرانی کیفیت میں پاک فوج اور رینجرز کی سماجی خدمات کو بھی سراہا۔ آرمی چیف جب کراچی پہنچے تو کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے ان کا خیرمقدم کیا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ