بھارت اور انگلینڈ کے مابین سیریز کا دوسرا ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل

68

بھارت اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے مابین سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا ہے، میچ کے پانچویں اور آخری روز انگلینڈ کو جیت کےلئے 318 رنز اور بھارت کو 8 وکٹیں درکار ہیں، چوتھے روز بھارتی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 204 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی اور اس نے انگلینڈ کو جیت کےلئے 405 رنز کا ہدف دیا، ویرات کوہلی نے 81 رنز بنائے، سٹورٹ براڈ اور عادل راشد نے چار، چار وکٹیں حاصل کیں۔ انگلینڈ نے کھیل کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 87 رنز بنا لئے، کپتان ایلسٹر کک 54 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وشاکاپٹنم میں ٹیسٹ کے چوتھے روز بھارتی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 204 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی، کپتان ویرات کوہلی نے 81 رنز کی اننگز کھیلی، ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز انگلش باﺅلرزکو جم کر نہ کھیل سکا۔ اجنکیا راہانے 26 ، ایشون 7 ، ساہا 2 ، روندرا جدیجا 14 ، امیش یادیو صفر اور محمد شامی 19 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے جبکہ جیانت یادیو 27 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے۔ سٹورٹ براڈ اور عادل راشد نے چار، چار وکٹیں حاصل کیں۔

پہلی اننگز میں 200 رنز کی برتری کی وجہ سے بھارت نے انگلینڈ کو جیت کےلئے 405 رنز کا ہدف دیا، انگلینڈ نے کھیل کے اختتام پر دو وکٹوں کے نقصان پر 87 رنز بنا لئے اور اسے جیت کےلئے مزید 318 رنز درکار ہیں، ایلسٹر کک 54 اور حسیب حمید 25 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے، جو روٹ 5 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ ہیں، ایشون اور جدیجا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ