رشید گوڈیل کی حالت خطرے سے باہر قرار

50

ڈاکٹرز نے ایم کیوایم کے رہنما رشید گوڈیل کی حالت کو خطرے سے باہر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ ایک سے دو روز میں انہیں وارڈ منتقل کیا جاسکتا ہے۔

ترجمان لیاقت نیشنل اسپتال انجم رضوی کے مطابق ڈاکٹرز نے رشید گوڈیل کا طبی معائنہ مکمل کرلیا ہے اور میڈیکل بورڈ نے مریض کے علاج پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ڈاکٹرز نے آج صبح رشید گوڈیل کے سینے، بلڈ اور دیگر ٹیسٹ کیے ہیں جن کی رپورٹ آنے کے بعد رشید گوڈیل کو آئی سی یو سے وارڈ منتقل کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

اسپتال کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انجم رضوی نے بتایا کہ رشید گوڈیل کی حالت بتدریج بہتر ہورہی ہے انہوں نے کھانا پینا شروع کردیا ہے اور وہ بات چیت بھی کررہے ہیں تاہم ان کے گردن میں کچھ سوجن موجود ہے لیکن ڈاکٹرز کی انتھک محنت کے بعد اللہ کے فضل و کرم سے رشید گوڈیل کی حالت اب خطرے سے باہر ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ رشیدگوڈیل فی الحال پولیس کو بیان دینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں جب انہیں وارڈ منتقل کیا جائے گا تو وہ بیان رکارڈ کرائیں گے۔